وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

بدھ 9 مئی 2018 21:02

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر سے ملاقات کی اور کچھ دیر دونوں رہنمائوں کے درمیان تبادلہ خیال ہوا۔ بدھ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں آمد پر بعض وفاقی وزرا اور مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اپنی نشست سے اٹھ کر سید نوید قمر کے پاس گئے اور قائد حزب اختلاف کی نشست پر بیٹھ کر ان سے کچھ دیر تبادلہ خیال کیا۔ اس پر سپیکر قومی اسمبلی نے ہلکے پھلکے انداز میں ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بیک وقت قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کا کردار نبھا رہے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت ایوان کے تمام ارکان نے اس پر قہقہہ لگایا اور وزیراعظم فوری طور پر قائد حزب اختلاف کی نشست سے اٹھ کر اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔۔