Live Updates

پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو شہر قائد میں 12 مئی کو جلسوں کی مشروط اجازت

ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا جلسوں کیلئے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد سے مشروط اجازت نامہ جاری

بدھ 9 مئی 2018 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو شہر قائد میں 12 مئی کو جلسوں کی مشروط اجازت مل گئی۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے دونوں جماعتوں کے جلسوں کے لیے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد سے مشروط اجازت نامہ جاری کردیا۔پیپلز پارٹی اب باغ جناح گرائونڈ جبکہ تحریک انصاف الہٰ دین پارک سے متصل گرائونڈ میں 12 مئی کو عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری اجازت نامے کے مطابق جلسوں کے دوران سیاسی تقریر پر پابندی ہوگی اور ایسی تقریر کی بھی اجازت نہیں ہوگی جس سے کسی کی دل آزاری ہو۔

(جاری ہے)

اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ مین روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے، اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی اور عام افراد کے لیے ٹریفک میں خلل پیدا نہیں ہونا چاہیے۔جلسے کے دوران کسی شخص یا پراپرٹی کو نقصان کے ذمہ دار منتظمین ہوں گے جب کہ پیپلز پارٹی کو اجازت نامہ مزار قائد کی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہے، جلسے کے لیے پی پی کو مزار قائد کی انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔

اسپیکرز کا استعمال 1965 کے ویسٹ پاکستان ایمپلی فائر آرڈیننس کے تحت کرنا ہوگا جس کے تحت اسپیکر پر متنازع بات نہیں کی جاسکتی اور خلاف ورزی کی صورت میں ایک ماہ قید اور 200 روپے جرمانے کی سزا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات