ایران جوہری معاہدے کے خاتمے سے دنیا کا مذاکراتی عمل سے اعتماداٹھ جائیگا،پاکستان

امید ہے کہ تمام فریقین جوہری معاہدے پرعملدرآمد کیلئے کوئی راہ نکال لیں گے،ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 9 مئی 2018 22:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ایران کیساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کے اعلان پر ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی اقدام سے دنیا کا مذاکراتی عمل اور سفارت کاری پر اعتماد کمزور ہو گا، امید ہے کہ تمام فریقین جوہری معاہدے پرعملدرآمد کیلئے کوئی راہ نکال لیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی جانب سے ایران کیساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کے اقدام سے دنیا کا سفارتکاری اور مذاکراتی عمل سے اعتماد اٹھ جائے گا جبکہ معاہدے سے امریکی علیحدگی کے باوجود دیگر فریق معاہدے پر کاربندرہنے کے لئے رضا مند ہیں کیونکہ جب ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان یہ معاہدہ ہوا تھا تو سب نے اس کا خیرم مقدم کیا تھا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی( آئی ا ے ای ای) نے بھی ایران کی جانب سے جوہری معاہدے پرعملدرآمد کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے لہذا پاکستان امید کرتا ہے کہ ایران اورعالمی طاقتیں جوہری معاہدے پر عملدرآمد کی کوئی راہ نکال لیں گی ۔