وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے نئے فارمولے کو اساتذہ نہیں مانتے : آسا

نان ٹیچر وائس چانسلر کو قبول نہیں کیا جائے گا : ڈاکٹر محبوب ، ڈاکٹر اصغر

بدھ 9 مئی 2018 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) پنجا ب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس صدر ڈاکٹر محبوب حسین کی زیرصدارت الرازی ہال میں منعقد ہوا اجلاس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی آسا کی جنرل باڈی نے متفقہ قرار داد کے ذریعے وائس چانسلر تقرری کے نئے فارمولے کو مسترد کردیا اور کہا کہ نان ٹیچر وائس چانسلر کسی صورت قبول نہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آسا کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین نے کہا کہ تعلیم حکومتی ترجحات میں ہی شامل نہیں اور صوبے کی بڑی جامعات گذشتہ طویل عرصے سے مستقل وائس چانسلر سے خالی چلی آرہی ہیںاور اب جو وائس چانسلر تقرری کا نیا فارمولہ بنایا گیاہے اس میں اساتذہ کا راستہ روکا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آسا کے سیکرٹری ڈاکٹر اصغر اقبال نے کہا کہ کسی بیوروکریٹ یا نان ٹیچرز کو اساتذہ اپنا وائس چانسلر قبول نہیں کریں گے اور بھر پور احتجاج کیا جائے گا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ساجد رشید احمد نے اپنی وائس چانسلر شپ کی درخواست پھاڑ دی اور انہوں نے کہاکہ میں بطوراحتجاج درخواست جمع نہیں کرواوں گا۔

اجلاس میںدوسری دو قرار دادوں کے ذریعے کنٹریکٹ اساتذہ کی قواعد و ضوابط کے تحت مستقل تعیناتی اور ٹائون ون میں میٹرو ٹرین سے متاثرہ اساتذہ کو فوری معاوضہ جات کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیاگیا۔ اجلاس سے ڈاکٹراسلام، ڈاکٹر محمد علی کلاسرا،ڈاکٹر عثمان اعوان، ڈاکٹر رانا اعجاز، ڈاکٹر کامران عابد، منور اقبال، جاوید سمیع، شبیر سرور، چوہدری ضیاء الرحمن ، شاہد گل، امجد مگسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :