نبی کریم ﷺ کی سیرت ہمارے لئے مشعل راہ، سیاستدان ذاتی و گروہی مفادات سے بالا تر ہو اسلام اور پاکستان کے دفاع کے لیے کردار اداکریں، سیف اللہ خالد نے

بدھ مئی 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ سیاستدان ذاتی و گروہی مفادات سے بالا تر ہو اسلام اور پاکستان کے دفاع کے لیے کردار اداکریں۔ کرپشن کرنے والے عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے۔قومی خزانہ لوٹنے کے لئے نہیں بلکہ ملک کی ترقی کے لئے ہے۔ملی مسلم لیگ امت کے لئے اتحاد کا پیغام ہے۔

وطن کی تعمیر و ترقی میں سب صوبوں کو ایک لڑی میں جمع کر کے ساتھ لے کر چلنا ہے۔ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن نہ کر کے ہمیں بنیادی انسانی حقوق نہیں دیئے جا رہے۔سیاست کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی پریشان ہے کیونکہ ملک کو بے لوث قیادت ابھی تک میسر نہیں آئی۔

(جاری ہے)

ہم صادق و امین قیادت سامنے لائیں گے۔حکمرانوںکی پاکستان کے ساتھ نظریاتی و قلبی وابستگی نہیں رہی۔

ان کے علاج کے لئے پاکستان میں کوئی ہسپتال نہیں ،بچوں کی تعلیم کے لئے پاکستا ن میں کوئی ادارہ نہیں۔رہائش کے لئے پاک سر زمین پر ان کو کوئی گھر میسر نہیں۔دولت ان کے پاس آتی ہے تو وہ پاکستان کے بینکوں میں رکھنے کی بجائے بیرون ممالک رکھتے ہیں۔ہم ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جس میں حکمرانوں کا سب کچھ پاکستان میں ہو۔ہم ہسپتال،تعلیمی ادارے بنائیں گے۔

ہمارے بچے قوم کے بچوں کے ساتھ ہی تعلیم حاصل کریں گے اور ہمارا علاج بھی انہی ہسپتالوں میںہو گا جہاں ایک شہری کا ہو گا۔ہم پاکستان کو مدینہ ثانی سمجھتے ہیں۔اس کو عظیم تر ملک بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ روایتی سیاست کا دور گزر چکا۔موروثی سیاست بھی دم توڑ چکی۔اب نظریاتی سیاست کا آغاز ہوا ہے۔ملی مسلم لیگ پاکستانی سیاست کی حقیقی پاسبان ہے۔ ہم پاکستان کی سیاسی فضائوں کو بدل کر رکھ دیں گے۔ہم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کریں گے کیونکہ یہی نظریہ بقائے پاکستان ہے۔جو قومیں نظریہ کو بھلا دیتی ہیں وہ صفحہ ہستی سے مٹا دی جاتی ہیں۔ہم نے نظریئے کا تحفظ کرنا ہے۔ہماری سیاست کی اسا س نظریہ پاکستان اور مقصد خدمت انسانیت ہے۔

متعلقہ عنوان :