تین بار منتخب وزیر اعظم کو اپنے ہی ملک میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،الیکشن میں ہر طرف شیر ہی دھاڑے گا ، ملک محمد افضل کھوکھر

ن لیگی ایم این اے کا حلقہ کے دورہ پر میڈیا سے اظہار خیال ،فوت شدگان کے گھروں میں جاکر فاتحہ خوانی کی

بدھ مئی 21:25

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر حسب سابق حلقہ کے عوام کیساتھ رابطہ میں ہیں ،عوام کی خوشی غمی میں شرکت ان کا معمول ہے ،اسی دوران وہ حلقہ کے مختلف علاقوں میں کارکنوں سے ملاقاتیں اور کارنر میٹنگز کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں ،گزشتہ دنوں انہوں نے اپنے انتخابی حلقہ 136کے علاقوں بستی امین پورہ ،سلامت پورہ ،تین مرلہ سکیم ،،ریلوے کالونی رائے ونڈ ،مانووال ،رنگیل پور ،اور باٹھ گائوں میں گزشتہ دنوں وفات پانے والے افراد کے گھروں میں جاکر فاتحہ خوانی کی ،اس موقع پران علاقوں کے مسلم لیگی رہنماء چودھری یونس سردار گجر ،میاں محمد آصف شہزاد اور ملک تنویر احمد بھی ان کے ہمراہ تھے ،ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے ان علاقوں میں جاری منصوبہ جات کا جائزہ بھی لیا جبکہ کئی کارنر میٹنگیں بھی کیں جہاں میڈیا اور عوام سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جان چکی ہے کہ مسلم لیگ(ن) ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی چاہنے والی واحد سیاسی جماعت ہے،جس کے قائد میاں نوازشریف کو اسلام اور پاکستان دشمنوں کے ایماء پر اپنے ہی ملک میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،اور ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعے سیاست سے باہر نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ عدلیہ یکطرفہ سیاسی پارٹی کا کردار ادا کررہی ہے ،عدلیہ کے فیصلوں کا دوہرا معیار اس امر سے عیاں ہے کہ ایک جج پر جوتا پھینکنے والے کو 18سال قید 2لاکھ جرمانہ کردیا جاتا ہے مگرملک کے 3بار وزیر اعظم منتخب ہونے والے عالم اسلام کے واحد لیڈر میاں نوازشریف پر جوتاپھینکنے والے کی چند لمحوں میں ضمانت منظور کرلی جاتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس نے امن ملک میں ترقی اور خوشحالی کے سفرمیں رکاوٹیں ڈال کر روک دیا ،و وٹ کی بے حرمتی پر عوام سراپا احتجاج اور ووٹ کی بے توقیری کے خلاف عوام متحد ہوچکی ہے،عوام کی رائے کو بار بار سبوتاز کرنا ملک کو کمزور اور جمہوریت پر شب خون مارناہے،،مسلم لیگ ن 2018ء کے انتخابات میں بھی عوام کی عدالت میں سرخرو ہو گی، پی ٹی آئی خود بھی اور عوام کو سہانے سپنے دیکھارہی ہے،خلق خداکی خدمت کرنے سے تبدیلی آئے گی ،،الیکشن میں ہر طرف شیر ہی دھاڑے گا،ملک میں چاروں طرف ایک واری فیر شیر شیر کی آوازیں گونج رہی ہیں۔