تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہی سے دنیا کی جدید اقوام کی صف میں شامل ہوا جا سکتا ہے‘عبداللہ خان سنبل

70 کروڑ روپے لاگت سے تیار کردہ اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کو دو سال میں مکمل کیا گیا ہے‘کمشنر لاہور ڈویژن کا تقریب سے خطاب

بدھ 9 مئی 2018 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) کمشنر لاہورڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے قیام اور تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہی سے دنیا کی جدید اقوام کی صف میں شامل ہوا جا سکتا ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن و چیئر پرسن بورڈ آف گورنرز ڈویژنل پبلک اسکول ماڈل ٹاؤن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار ڈی پی ایس ٹاؤن شپ برانچ میں طالبات کے لیے علیحدہ نئے کیمپس بلڈنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد، پرنسپل عبدالنعیم خان، اے سی جی سید منور بخاری اور بورڈ آف گورنرز کے ارکان بھی ہمراہ موجود تھے۔کمشنر لاہور ڈویژن نے کہاکہ علم سے اذہان کو جلا ملتی ہے جس سے ہر دور کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں مدد ملتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل پبلک اسکول ماڈل ٹاؤن کی ٹاؤن شپ برانچ میں طالبات کے لیے نئے علیحدہ کیمپس بلڈنگ کی تعمیر سے ایک بہت بڑی ضرورت پوری اور زیادہ سے زیادہ طالبات کو بہترین معیار پر زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ڈی پی ایس کے مشن کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔

70 کروڑ روپے لاگت سے تیار کردہ اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کو دو سال میں مکمل کیا گیا ہے۔ ڈی پی ایس لاہور کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے جس کے بہترین تعلیمی نتائج کی بدولت بغیر کسی اشتہاری مہم کے طلبا و طالبات کے داخلوں کا شدید دباؤ رہتا ہے۔ پرنسپل اور اساتذہ کی محنت سے ہی ڈی پی ایس کے نتائج بہترین آ رہے ہیں۔ شاہدرہ میں بھی ڈی پی ایس کی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی تاکہ بڑی تعداد میں طلبا و طالبات مستفید ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :