ملتان، کمشنر کاانٹرمیڈیٹ کے امتحانی مراکز اورگندم خریداری مراکزکادورہ

بدھ 9 مئی 2018 21:33

ملتان۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین ملتان تعلیمی بورڈ بلال احمد بٹ نے انٹر میڈیٹ پارٹ سکینڈ کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے کہا کہ سابقہ تجربات کی روشنی میں امتحانات کو مزید شفاف بنانے اور بوٹی مافیا کو ختم کرنے کیلئے تمام امور کو کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے ، امتحانی سنٹروں میں ناجائز ذرائع اور بد عنوانی کو ختم کرنے کیلئے متعدد سخت اقدامات کئے گئے ہیں ، حکومت پنجاب نے پنجاب بورڈ کے زیر انتظام قائم امتحانی سنٹرز کو چیک کرنے کیلئے ایک مانیٹرنگ سیل قائم کیا ہے جبکہ تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور سی او ایجوکیشن پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو حساس سنٹروں کا دورہ کریگی ، تمام امتحانی سنٹروں کیلئے ایگزامینیشن انسپکٹر بھی لگائے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے سنٹروں کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں گے ، بعدا زاں کمشنر اور آرپی او ملتان محمد ادریس نے گندم خریداری مراکز کا دورہ کیا اورانتظامات کا جائزہ لیا ، کمشنر ملتان نے کاشتکاروں سے ان کے مسائل دریافت کئے اور ان کے جلد از الہ کیلئے احکامات دیئے ، بلال احمد بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی فہرستوں میں رہ جانے والے کاشتکاروں کی درخواستوں پر نظر ثانی کا عمل بھی شروع کیا جارہا ہے جلد ہی تمام کاشت کار بھائیوں کے مسائل حل کردیئے جائیں گے ،اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملتان سٹی مبشرالرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مراکز پر کرسیاں ، پانی اور پارکنگ کا نظام موجود ہے جبکہ سکروٹنی کے بعد فہرستیں تمام گندم خریداری مراکز پر لگا دی گئی ہیں اور کاشتکاروں کی مکمل رہنمائی کی جارہی ہے ۔