علماء کرام نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے بھر پور کردار ادا کیا، کمشنر

بدھ 9 مئی 2018 21:33

ساہیوال۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ علماء کرام امن کے داعی ہیں اور انہو ںنے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کیلئے بھر پور کردار ادا کیا ہے جسے مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے تا کہ ملک دشمن عناصر کی تخریبی سوچ کو ختم کیا جا سکے ۔انتظامیہ اور علماء کرام ملکر ڈویژن بھر میں امن و امان کی مثالی فضا کو یقینی بنائیں گے جہاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی باقی صوبے کیلئے مشعل راہ ہے ۔

وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں انتظامی افسران ڈپٹی کمشنرز شوکت علی کچھی ،ڈاکٹر ارشاد احمد اور راجہ منصور احمد ،ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد ،ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد علوی ،ڈی پی او پاکپتن اسماعیل کھاڑک اور ایس پی ساہیوال نوید ارشاد کے علاوہ مکاتب فکر کے ممتاز علماء کرام سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ،حاجی احسان الحق فریدی‘قاری بشیر احمد‘شیخ اعجاز احمد رضا‘مولانا محمد حسن معصومی اور سید محمد زاہد گیلانی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء میں مثالی ہم آہنگی اور تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ باہمی مشاورت سے امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوںنے عوام کو رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دی اور علماء کرام پر زور دیا کہ اس مقدس مہینے میں عوام میں پیار و محبت کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں ۔انہو ںنے علماء کرام کو یقین دلایا کہ رمضان کے احترام کو یقینی بنانے میں انتظامیہ تمام قانونی اقدامات اٹھائے گی اور کسی کو بھی اس مقدس مہینے کی بیحرمتی کی اجازت نہیں دیگی ۔انہو ںنے قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔