موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میںملوث کامی گینگ کی3 ارکان گرفتار

بدھ 9 مئی 2018 21:34

قصور۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) تھانہ سٹی پھولنگرپولیس نے موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میںملوث کامران عرف کامی گینگ کے تین ارکان سرغنہ کامران عرف کامی،بلال عرف بالی اوروقاص عرف کاشی کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی2عدد موٹرسائیکل ، 2عدد موٹرسائیکل رکشہ،نقدی 10ہزار روپے اور اسلحہ ناجائز تین عدد پسٹل برآمد کرلیے ہیں ،تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی پتوکی سرکل علی اختر انصاری نے تھانہ سٹی پھولنگر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کامران عرف کامی نے اپنے دیگرساتھیوں پر مشتمل ایک موٹرسائیکل چور گینگ تشکیل دے رکھا تھا جو پھولنگر اور اس کے مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں کرتے تھے ،ملزمان پبلک مقامات ،بازاروں، گھروں اور شادی ہالوں کے باہر کھڑی ہوئی موٹرسائیکل کے لاک توڑ کر چوری کرتے تھے، تھانہ سٹی پھولنگر پولیس نے ڈی پی اوقصورزاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پر ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ کی زیر نگرانی ایس ایچ اوملک محمد جبار اور انکی ٹیم نے کامران عرف کامی موٹرسائیکل چورگینگ کو ٹریس کر کے تین ملزمان کو گرفتارکیا اور ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی موٹرسائیکلیں، رکشہ اور اسلحہ ناجائز برآمدکرلیا ہے ،دوران تفتیش ملزمان نے موٹرسائیکل اور رکشہ چوری کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے ایس ایچ او سٹی پھولنگر اور ان کی ٹیم کو نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔