بوریوالا ، 7سالہ بچے کی دعویدار 2 مائوں کی درخواست ناقابل سماعت قرار

بدھ 9 مئی 2018 21:34

بوریوالہ۔9 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) ایڈیشنل ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج بورے والا خاور رشید نے 7سالہ بچے کی ملکیت کی دعویدار دو مائوں کی رٹ پٹیشن کا فیصلہ سناتے ہوئے رٹ ناقابل سماعت قرار دیدی ،تفصیلات کے مطابق گگو منڈی کی خاتون بشیراں بی بی زوجہ اللہ رکھا نے فاضل عدالت میں اپنے کونسل کے ذریعہ رٹ پٹیشن دائر کی کہ وہ سات سالہ بچے عبداللہ خان کی حقیقی ماں ہے جسے شاہین خان زوجہ اجمل خاں نے اپنا بچہ ظاہر کرتے ہوئے پال رکھا ہے، فاضل عدالت نے 8اپریل کو ایس ایچ او تھانہ گگو کو وارنٹ جاری کرتے ہوئے بچے کو بدھ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم صادر کیا، ایس ایچ او گگو نے عبداللہ کو عدالت میں پیش کیا تو اس کی ماں شاہین خان زوجہ اجمل خان نے اپنے کونسل مہر طاہر امجد ایڈووکیٹ کے ہمراہ فاضل عدالت کو بتایا کہ یہ بچہ واقعی میرا ہے ، فاضل عدالت نے درخواست کی سماعت کے دوران فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ دیا کہ بشیراں بی بی کی بیٹے کی ملکیت کے دعویٰ کی رٹ عدالت کے دائرہ اختیار میں نہ ہے ،لہذا اسے داخل دفتر کیا جاتا ہے، عدالت نے حکم دیاکہ رٹ کنندہ چاہے تو اس سلسلہ میں گارڈین جج سے رجوع کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :