Live Updates

پیپلز پارٹی نے کراچی کے امن کو سبوتاژکرنے کی کوشش کی لیکن سب کوششیں ناکام ٹھہریں،فردوس شمیم نقوی

عمران خان کا جلسہ ایک یادگار جلسہ ہوگا، پی ٹی آئی کے چیئرمین ،تمام مرکزی قیادت اور خیبر پختونخواہ سے بھی اعلیٰ تر قیادت اس جلسے میں شریک ہوگی،صدر پی ٹی آئی کراچی

بدھ 9 مئی 2018 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کے امن کو سبوتاژکرنے کی کوشش کی لیکن ان کی سب کوششیں ناکام ٹھہریں۔ چیئرمین عمران خان کا جلسہ ایک یادگار جلسہ ہوگا۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین ،تمام مرکزی قیادت اور خیبر پختونخواہ سے بھی اعلیٰ تر قیادت اس جلسے میں شریک ہوگی اور پی ٹی آئی رہنمائوں کا خطاب ہوگا۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما علی زیدی پر جو مقدمہ قائم کیا گیا ہے، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم اس مقدمے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کا جلسہ اسی دن ہے ، اس کا صرف مقام بدلا ہے، شہر نہیں بدلا۔

بارہ مئی کو چیئرمین عمران خان کا جلسہ الہ دین پارک سے متصل گرائونڈ میں رکھا گیا ہے جس میں عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ کراچی کے عوام نے متحدہ اور پی پی کی سیاست اور سیاسی چالبازیاں دیکھ لی ہیں ۔ متحدہ اور پیپلز پارٹی دونوں نے مل کر کراچی کا ستیاناس کرکے رکھ دیا ۔ پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے حق کے لیے آواز اٹھائی تو پیپلز پارٹی نے غنڈہ گردی شروع کردی۔

چیئرمین عمران خان اس جلسے میں کراچی پیکیج کا اعلان کریں گے ، کراچی کے امن کا جشن منایا جائے گا، آتش بازی ہوگی اور پی ٹی آئی کے عہدیداران و کارکنان اور کراچی کے عوام سب مل کر اس جلسے سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف ایک امن پسند سیاسی جماعت ہے اور ہم کراچی کے امن کی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹیں دور کرکے رہیں گے۔ #
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات