’’شہباز شریف تینو ں رب دیاں رکھاں‘‘

ضلعی ہسپتال ننکانہ صاحب کو جدید بنانے پر مریضوں کی وزیر اعلی کوڈھیروں دعائیں،شہباز شریف کی آنکھو ں میں آنسو آگئے

بدھ 9 مئی 2018 22:39

’’شہباز شریف تینو ں رب دیاں رکھاں‘‘
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کے نئے اوپی ڈی بلاک اور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کے افتتاح کے بعد ہسپتال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی دورہ کیا- وزیر اعلی نے نئے اوپی ڈی بلاک میں کمپیوٹرائزڈ ٹوکن لیا اور اپنی رجسٹریشن کرائی - وزیر اعلی نے او پی ڈی میں اپنا بلڈ پریشر بھی چیک کروایا- وزیر اعلی کا بلڈ پریشر 90/130 تھا- وزیر اعلی نے تعمیر نو اور تنظیم نو کے بعد ہسپتال کے ان ڈور شعبے کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولتوں کو سراہتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر ، سیکرٹری علی جان اور دیگر حکام کو مبارکباد دی - وزیر اعلی شہباز شریف کو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے عزیزو اقارب نے بتایا کہ ننکانہ صاحب کا یہ ہسپتال آپ کی توجہ سے سٹیٹ آف دی آرٹ بن گیا ہے - اب اس ہسپتال کا شمار کسی بھی شاندار ہسپتال کے ساتھ کیا جا سکتا ہے - وزیر اعلی محمد شہباز شریف کو مریضوں اور ان کے عزیز و اقارب نے ڈھیروں دعائیں دیں اور کہا کہ’’شہباز شریف تینوں رب دیاں رکھاں‘‘ آپ نے ایسا ہسپتال بنا کر دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھا ہے - ہماری دعا ہے کہ آپ اسی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کرتے رہیں- اللہ تعالی آپ کو صحت اور درازی عمر عطا فرمائی- ہماری دعا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن ) ہی کامیاب ہو - انشااللہ جس طرح آپ عوام کی خدمت کر رہے ہیں مسلم لیگ (ن) ہی الیکشن جیتے گی-مریضوں اور ان کے عزیز و اقارب کی دعاؤں ، خلوص اور محبت دیکھ کرشہباز شریف کی آنکھوں میں آنسو آگئی- وزیر اعلی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مریضوں اور ان کے عزیز واقارب کی دعاؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں مریضوں سے ملا ہوں - میری ماؤں ، بہنوں اور بیٹوں نے مجھے بہت دعائیں دی ہیں اور وہ سب ہسپتال کے نئے نظام سے بے حد خوش ہیں اور ہم دکھی انسانیت کی دعاؤں کے طالب ہیں- وزیر اعلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے اپنا بلڈ پریشر بھی چیک کروایا ہے جو کہ معمولی سا زیادہ ہے تا ہم فکر کی کوئی بات نہیں - میں بالکل ٹھیک ہوں۔