قومی وصوبائی اسمبلیوں میں خصوصی افراد کیلئے مخصوص نشستیں ہونی چاہیں ‘حمزہ شہباز

معذوری کے باوجو دہماری یوتھ مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھا رہی ہے ‘مخصوص افرادکے وفد سے گفتگو

بدھ 9 مئی 2018 22:42

قومی وصوبائی اسمبلیوں میں خصوصی افراد کیلئے مخصوص نشستیں ہونی چاہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماو ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے لئے قومی وصوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں ہونی چاہیںتاکہ وہ خود اپنے مسائل ایوانوں میں اجاگر کرسکیں اور انشاء اللہ مسلم لیگ(ن) کو دوبارہ اقتدار ملاتو معذورافرادکی فلاح و بہبود کیلئے اسمبلیوں میںکوٹے کے علاوہ دیگر اقدامات بھی اٹھائیںگے ۔

یہاں ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والے مخصوص افرادکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستانی یوتھ جسمانی معذوری کے باوجود غیر معمولی کارکردگی کا مظاہر ہ کررہی ہے اورضرورت اسی امر کی ہے کہ معاشرے میں اس بارے میںمزید شعوربیدار کیاجائے تاکہ انہیں کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ ہی ملک و قوم کا بہترین مستقبل ہے اور اسے ملک کے سافٹ امیج کی ترویج کے لئے کاوشیں کرتے رہنا چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی سب سے بہترین سرگرمی ہے جس سے ہم دنیا و آخرت دونوں کو بہتر بنا سکتے ہیں ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اربوں روپے کے ترقیاتی کام کئے ہیں اوراتنی ہی بچت بھی کی ہے ، لوگ چہرے نہیں کام یاد رکھتے ہیں اور ہمیں اقتدار کی بجائے ملک کی ترقی کی باری کی فکر کرنی چاہیے ۔انہوں نے خصوصی افراد کی تجاویز کوبغور سنا اور ان سے فرداً فرداًبات چیت میںیقین دلایا کہ مسلم لیگ(ن)دوبارہ اقتدار میں آکر خصوصی افراد کی ملازمت ،کاروبار اور ان کو عوامی مقامات تک دسترس سمیت تمام مسائل حل کریگی ۔

خصوصی افراد نے اپنی گفتگو میں حمزہ شہباز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 14فیصد کے حساب سے ڈیڑھ کروڑ کے نزدیک ہیںجن کومناسب سہولتیں حاصل نہیں ہیں ۔انہوں نے سپیڈو بس، پبلک مقامات ،تعلیمی ادروں اور نوکریوں کی جگہوں پر مخصوص افراد کیلئے مزید سہولتوں کی نشاندہی کی اور ان کے حل کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔