ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کا گندم خریداری سینٹروں کا اچانک دورہ ‘تمام انتظامات کا جائزہ لیا

میرٹ پر باردانہ کی تقسیم جاری ‘حکومت گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے ‘سائرہ عمر

بدھ مئی 22:42

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کا گزشتہ روز تحصیل چونیاں کے گندم خریداری سینٹروں کا اچانک دورہ ‘تمام انتظامات کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے تلونڈی ‘الہ آباد ‘کنگن پور ‘شامکوٹ اور چونیاں خریداری گندم سنٹر وں کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں پر گندم خریداری کیلئے کئے گئے تمام انتظامات اور کسانوں کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اس موقع پر کسانوں کے مسائل سنے اور انہیں فوری حل کرانے کی یقینی دہانی کروائی ۔انہوں نے سینٹروں پر عملے کی حاضری ، باردانہ رجسٹر ز، گوداموں کی صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو چیک کیا ۔ اس موقع پر انکے اسسٹنٹ کمشنر چونیاں احمد رضا بٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے اس موقع پر کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم کے دوران باردانہ کی تقسیم میرٹ پر کی جارہی ہے اور اس عمل کے دوران کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا کرپشن برداشت نہیں کی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں گندم خریداری مہم کے دوران کسانوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کسانوں سے ایک شفاف عمل کے ذریعے گندم کی خرید کی جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کا دبائو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے ٹائوٹ مافیا اور نام نہاد آڑھتی سسٹم کے گندم خریداری پر اثر انداز ہونے کے تاثر کو یکسر مسترد کر دیا اور کہا کہ کسانوں سے گندم کی خریداری 100فیصد میرٹ پر کی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو انکی فصل کا فوری معاوضہ ادا کرنے کیلئے بینکوں کو بھی خصوصی انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ کسان کسی پریشانی کے بغیر اپنا معاوضہ حاصل کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :