ڈپٹی کمشنر کا پشاور چیمبر آف ٹریڈرز اینڈسمال انڈسٹری کا دورہ، تاجروں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی

بدھ 9 مئی 2018 22:46

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنرپشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر قیصر خان کنڈی کے ہمراہ بدھ کے روز پشاور چیمبر آف ٹریڈرز اینڈسمال انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الٰہی، چیئر مین حاجی شوکت علی ، سینئر نائب صدر محمد احتشام حلیم، حاجی شوکت اللہ، حاجی بشیر، عاطف شہزاد،منصور بخاری سمیت مختلف بازاروں کے صدور اور دیگر کاروباری افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مرکزی تنظیم تاجران کے صدر نے ڈپٹی کمشنر پشاور سے بازاروں کے صدور کا تعارف کر وایا ۔اجلاس میں تاجران نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسائل کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔انھوں نے کہا کہ بی آر ٹی پروجیکٹ پر کام کی رفتار انتہائی سست ہے جس کی وجہ سے ان کا کاروبار ختم ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے لیکن ہمارے ساتھ لوڈنگ ان لوڈنگ کے وقت تعاون کیا جائے اور جب تک بی آر ٹی پروجیکٹ مکمل نہیں ہو جاتا ہمیں ٹیکسوں میں ریلیف دیا جائے ۔

جبکہ ایل آر ایچ کے بند دروازے کو چیف جسٹس کے احکامات کی روشنی میں کھولا جا ئے اور آتش بازی کے گوداموں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ خدانخواستہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ پشاور میں لوڈ شیڈنگ سے کاروباری حلقہ بہت متاثر ہو رہا ہے اس کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جا ئے اور نمک منڈی میں سڑک کے دونوں اطراف میں میڈیسن مارکیٹوں کے قریب غیر قانونی پارک ہونے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانونی کاروائی کی جا ئے ۔

تاجروں نے مطالبہ کیا کہ پشاورکے اکثر علاقوں میں ملبہ پڑا ہو ا ہے اس سلسلے میں بی آر ٹی انتظامیہ کو ہدایت دی جائے کہ وہ ملبے کو بروقت ہٹا دیں۔اجلاس میں تاجروں نے درخواست کی کہ اکثر مارکیٹوں میں صفائی کی صورتحال بہت خراب ہے اور اس کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی جا ئے کہ وہ صفائی کی صورتحال یقینی بنا ئے ۔جبکہ شادی پیر چوک کے قریب غیر قانونی رکشہ سٹینڈ کے خلاف کاروائی کی جا ئے اور پشاور میں آئس نشہ فروخت کر نے والوں کے خلاف کاروائی کی جا ئے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کو ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کر وائی۔ انھوں نے کہا کہ رمضان میں مختلف بازاروں میں عوام کی سہولت کے لیے عوامی سہولت مراکز قائم کیے جا ئیں گے جس میں ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار موجود ہوں گے اور بازاروں میں عوامی شکایات پر فوری کاروائی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پشاور میں غیر قانونی اڈوں کے خلاف جلد کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ گداگروں کے خلاف بھی جلد کاروائی کر ے گی ۔ جس میں ان گداگروں کو محکمہ سوشل ویلفیئر کے سنٹروں میں داخل کیا جا ئے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر قیصر خان کنڈی کی نگرانی میں تین رکنی کمیٹی بنا نے کا بھی اعلان کیا جس میں تاجروں کی جانب سے دو ارکان بھی شامل ہونگے ۔ یہ کمیٹی تاجروں کے مسائل حل کر نے اور حکام بالا تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ آخر میں تاجران کے صدر نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو روایتی چادر اور ٹوپی پہنائی اور چیمبر آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔