فاٹا انضمام کے عمل کو فوری طور عملی جامہ پہنایا جائے،آفتاب شیرپائو

بدھ 9 مئی 2018 22:46

فاٹا انضمام کے عمل کو فوری طور عملی جامہ پہنایا جائے،آفتاب شیرپائو
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمدخان شیرپائوکہا ہے کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا میں مکمل انضمام ہی قبائلی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے جس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے، قومی وطن پارٹی نے فاٹا اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے شروع دن سے عملی جدوجہد کی ہے اور پارٹی کی کوشش ہے کہ آنے والے انتخابات میں قبائلی عوام کو اسمبلیوں میں نمائندگی کا حق مل سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے قبائلی عمائدین کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ فاٹا انضمام کے عمل کو فوری طور عملی جامہ پہنایا جائے تاہم بدقسمتی سے سینیٹ نے تاخیر سے بل پاس کیا اگر سینیٹ کی جانب سے بل بروقت منظور کرلیا جاتا تو قبائل عوام کے الیکشن سے قبل صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی یقینی بنائی جا سکتی تھی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قبائلی عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لہٰذا فاٹا کو 2018کے عام انتخابات سے قبل خیبر پختونخوا میں شامل کرکے اسمبلیوں میں نمائندگی دینے سمیت قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرکے ان کو ان کی بے تحاشا قربانیوں کا صلہ دیا جائے ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی فاٹا کے عوام کے حقوق و تحفظ اور فلاح و بہبود سمیت ان کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کرے گی اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جا ئے گا۔انھوں نے کہا کہ قبائلی عوام کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے تاکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔