Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب نے خلائی مخلوق والے بیان پر نواز شریف کا دفاع کرنے سے انکار کر دیا

خلائی مخلوق کون ہے ،یہ آپ ان ہی سے پوچھیں جنہوں نے یہ بیان دیا ہے ،شہباز شریف کا صحافی کو جواب

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 9 مئی 2018 20:09

وزیر اعلیٰ پنجاب نے خلائی مخلوق والے بیان پر نواز شریف کا دفاع کرنے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 09 مئی 2018ء ) : وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے خلائی مخلوق والے بیان پر نواز شریف کا دفاع کرنے سے انکار کر دیا۔صحافی کے پوچھنے پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کون ہے ،یہ آپ ان ہی سے پوچھیں جنہوں نے یہ بیان دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سیاست میں خلائی مخلوق کی اصطلاح کو متعارف کروانے کا سہرا سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے۔

انہوں نے ایک جلسے میں خطاب کیا تو خلائی مخلوق کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی یا پاکستان تحریک انصاف سے نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے۔انکے بیان سے ظاہر تھا کہ وہ خلائی مخلوق کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے ملک میں موجود نادیدہ قوتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب اشارہ کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم نواز شریف کی اس اصطلاح کو بلاول بھٹو کی اے ٹی ایم والی اصطلاح کی طرح خوب پذیرائی ملی جو انہوں نے جہانگیر ترین کے ااہل ہونے پر استعمال کی تھی۔

نواز شریف کے بعد ملک کے مختلف سیاستدانوں نے جی بھر کے اس اصطلاح پر تبصرہ کیا۔اس حوالے سے مختلف سیاستدانوں کی جانب سے مختلف تبصر کئیے گئے ۔تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب نے خلائی مخلوق والے بیان پر نواز شریف کا دفاع کرنے سے انکار کر دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔جب وہاں موجود ایک صحافی نے سوال کیا کہ نواز شریف صاحب نے اپنے خطاب میں خلائی مخلوق کا تذکرہ کیا تو کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ یہ خلائی مخلوق کون ہے جس پر وزیر اعلیٰ نے اپنے ہی بھائی کے بیان کا دفاع کرنے سے اجتناب برتا اور کہا کہ خلائی مخلوق کون ہے ،یہ آپ ان ہی سے پوچھیں جنہوں نے یہ بیان دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ صحافی کے سوال پر شہباز شریف کا ایسا رد عمل انکی پرو اسٹیبلشمنٹ پالیسی کا تسلسل ہے اور شہباز شریف کی تاریخ رہی ہے کہ مشکل سے مشکل وقت میں بھی انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیان بازی سے گریز کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات