مسلم کانفرنس نظریاتی اورریاستی جماعت ہے جس کی کوکھ سے مختلف جماعتوں نے جنم لیا‘مسلم کانفرنس بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے نظریات کی وارث ہے‘سردارنورمحمدخان (مرحوم)اورخان اشرف خان ایڈووکیٹ(مرحوم) جیسے لوگ خال خال ہی پیداہوتے ہیں ‘اس خاندان نے تحریک آزادی کشمیراورآزادکشمیرمیں بحالی جمہوریت کیلئے طویل ترین جدوجہدکی ہے

مسلم کانفرنس کے صدراورسابق وزیراعظم آزادکشمیرسردارعتیق احمدخان کا تقریب سے خطاب

بدھ 9 مئی 2018 22:27

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) آل جموں کشمیرمسلم کانفرنس کے صدراورسابق وزیراعظم آزادکشمیرسردارعتیق احمدخان نے کہاہے کہ مسلم کانفرنس ایک نظریاتی اورریاستی جماعت ہے ۔جس کی کوکھ سے مختلف جماعتوں نے جنم لیاہے۔مسلم کانفرنس بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے نظریات کی وارث ہے ۔سردارنورمحمدخان (مرحوم)اورخان اشرف خان ایڈووکیٹ(مرحوم) جیسے لوگ خال خال ہی پیداہوتے ہیں اس خاندان نے تحریک آزادی کشمیراورآزادکشمیرمیں بحالی جمہوریت کیلئے طویل ترین جدوجہدکی ہے ۔

اس خاندان کے ایک اوررہنماسردارمحمدارشدخان ایک نظریاتی کارکن ہیں۔انہوں نے ہمیشہ عوامی مفادمیں سیاست کی ہے ۔سرداراویس ارشدکی مسلم کانفرنس میں شمولیت کاخیرمقدم کیاجاتاہے ۔

(جاری ہے)

ان جیسے نوجوان کارکن مسلم کانفرنس کی نظریاتی اساس کوقائم رکھنے میں اہم رول اداکریں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دورہ راولاکوٹ کے دوران راولاکوٹ سے چندکلومیٹردورگلیات کے مقام پرپونچھ میڈیکل کالج کوجانے والی مین شاہرات کے چوک میں مختلف شخصیات سے منسوب کی گئی شاہرات پرلگائی گئی تختیوں کی نقاب کشائی کے بعدمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں جب سردارعتیق احمدخان اپنے دیگررفقائے کارکے ہمراہ گلیات(نزدچنارریسٹ ہائوس)پہنچے توان کاوالہانہ استقبال کیاگیا۔انہوں نے مجاہداول سردارمحمدعبدالقیوم خان،تحریک آزادی کشمیرکے رہنماسرداربوستان خان مرحوم مشہورومعروف رہنماٹھیکیدارسردارنورمحمدخان مرحوم سابق وزیرحکومت خان اشرف خان مرحوم کے نام سے منسوب شاہرات کوان شخصیات کے نام سے منسوب کیے جانے کے حوالے سے نقاب کشائی کاافتتاح کیا۔

مشہورومعروف مسلم کانفرنسی رہنمااورٹرانسپورٹ ورکرزیونین پونچھ کے سپریم ہیڈسردارمحمدارشدخان کی رہائش گاہ پراستقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پرسردارمحمدارشدخان کے صاحبزادے اورمشہوراورمعروف سیاسی رہنماسرداراویس ارشدنے اپنے پھوپھی زادبھائی کے ہمراہ مسلم کانفرنس میں شمولیت کاباضابطہ اعلان کیا۔اس تقریب سے سردارمحمدارشادخان ،سردارمحمدارشدخان اوردیگرزعماء نے بھی خطاب کیا۔

سابق وزیراعظم آزادکشمیرسردارعتیق احمدخان نے سرداراویس ارشداوردیگرنوجوانوں کی مسلم کانفرنس میں شمولیت کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ان نوجوانوں کی مسلم کانفرنس میں شمولیت نیک شگون ہے ۔ریاستی جماعتوں کومضبوط کرکے ہی کشمیرکی آزادی اورتحریک تکمیل پاکستان کے لیے کام کیاجاسکتاہے۔موجودہ دورمیں مجاہداول سردارمحمدعبدالقیوم خان ،غازی ملت سردارمحمدابراہیم خان اورکے ایچ خورشیدجیسے رہنمائوں کی کمی محسوس ہورہی ہے ۔

پاکستان کی موجودہ حکومت اورمسلم لیگ ن ہندوستان سے دوستیاں بڑھارہی ہے اورمسئلہ کشمیرکومسلسل نظراندازکیاجارہاہے۔محمودخان اچکزئی جیسے لوگوں سے تعاون مانگاجارہاہے۔ایسے حالات میں کشمیریوں کواپنے مستقبل کیلئے سوچناہوگا،اورریاستی جماعتوں کومضبوط کرکے کشمیرکی آزادی اورتکمیل پاکستان کیلئے جدوجہدکرناہوگی۔