Live Updates

نیلم جہلم پراجیکٹ ‘متاثرین کے حقوق کیلئے پی ٹی آئی کی ٹھوٹھہ سے مظفرآباد تک ریلی‘ آزادی چوک میں احتجاجی مظاہرہ

تمام ورکرز کو گریجویٹی دینے‘ ڈیتھ کلیم کے معاہدہ پر عمل درآمد، واٹر سپلائی سکیموں کیلئے فنڈز کی واگزاری‘ مظفر آباد میں مفت بجلی کی فراہمی‘ لوڈشیڈنگ ختم، ٹھوٹھہ روڈ کی مرمتی، 595آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتیوں، پراجیکٹ کی رائیلٹی آزاد حکومت کو دینے کے مطالبات پورے کرنیکا مطالبہ

بدھ 9 مئی 2018 22:27

مظفرآبادٍ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) نیلم جہلم پراجیکٹ ،متاثرین کے حقوق کیلئے پی ٹی آئی حلقہ نمبر چھ کی ٹھوٹھہ سے مظفرآباد تک ریلی، آزادی چوک میں احتجاجی مظاہرہ، تمام ورکرز کو گریجویٹی دینے، ڈیتھ کلیم کے معاہدہ پر عمل درآمد، واٹر سپلائی سکیموں کیلئے فنڈز کی واگزاری، دارالحکومت میں مفت بجلی کی فراہمی، لوڈشیڈنگ ختم، ٹھوٹھہ روڈ کی مرمتی، 595آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتیوں، پراجیکٹ کی رائیلٹی آزاد حکومت کو دینے کے مطالبات پورے کرنیکا مطالبہ۔

اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد سے مذاکرات کامیاب، مطالبات منظوری کی یقین دہانی پر احتجاج موخر کر دیا۔متعلقہ اداروں کو 15دن کی ڈیڈلائن دیدی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء سید تبریز کاظمی کی قیادت میں متاثرین نیلم جہلم پراجیکٹ کی بڑی تعداد میں گڑھی دوپٹہ ٹھوٹھہ سے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی اور آزادی چوک میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے سے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر خواجہ فاروق احمد، ڈویژنل سینئر نائب صدر سید تبریز کاظمی،پی ٹی آئی کے رہنماء راجہ مدد علی خان، لیبر یونین کے چیئرمین حاجی رشید، ممتاز مغل ودیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیلم جہلم میں کام کرنیوالے تمام ورکرز کو گریجویٹی دی جائے۔11نومبر 2017؁ء کے بعد گریجویٹی دینے کا معاہدہ تسلیم نہیں کرتے۔

لیبر لاء پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ڈیتھ کلیم کی صورت میں 8لاکھ معاوضہ کے ساتھ زیر کفالت شخص کو واپڈا میں ملازمت کا وعدہ پورا کیا جائے۔نیلم جہلم پراجیکٹ سے فارغ لاگوں کو سراں،کوہالہ پراجیکٹ میں بھرتی کیا جائے۔سکھی پراجیکٹ کے حوالے سے مظفرآباد وگردنواح کے لوگوں پر لگائی گئی پابندی ختم کی جائے۔نیلم جہلم پراجیکٹ کی رائیلٹی آزاد حکومت کو دی جائے۔

مظفرآباد کو فری بجلی، لوڈشیڈنگ ختم کی جائے واٹر سپلائی سکیموں کے فنڈز ریلیز،مالسی سکیم کو اپ گریڈ کیا جائے۔گڑھی دوپٹہ تا ٹھوٹھہ روڈ کو مرمت کیا جائے پراجیکٹ کی 595آسامیوں پر مقامی افراد کی تقرریاں کی جائیں اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کے دوسرے مرحلہ میں ٹھوٹھہ سے شاہراہ سرینگر کو بند کیا جائے گا اور اگر پھر بھی مطالبات حل نہ ہوئے تو پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت بیرسٹر سلطان محمود سے مشاورت کر کے اسمبلی کا گھیرائو کیا جائیگا دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عاصم خالد اعوان نے احتجاجی مظاہرین کو یقین دلایا کہ آپ کی دی گئی ڈیڈلائن کے اندر مطالبات مطابق قانون یکسو کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے اس حوالہ سے ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔جو آپ کی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کریگی۔انتظامیہ کی اس یقین دہانی پر احتجاجی مظاہرہ موخر کر دیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات