Live Updates

تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور بڑی وکٹ اڑا دی

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیر کل پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوں گے،جہانگیر ترین کا دعویٰ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 9 مئی 2018 20:21

تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور بڑی وکٹ اڑا دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 09 مئی 2018ء ) : تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور بڑی وکٹ اڑا دی۔گوجرانوالہ سے مسلم لیگ ن کا مرکزی نام تحریک انصاف میں شامل ہونے جا رہا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیر کل پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے اندر اندر تحریک انصاف نے جس طرح سے پاکستانی سیاست میں قدم جمائے ہیں اور اپنی سیاسی ساکھ کو مضبوط کیا ہے اس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کم ہی مثال ملتی ہے۔

پانامہ لیکس کیس سے شروع ہونے والی پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی فتوحات کا شروع ہونے والا سفر کہیں بھی تھمتا ہوا دکھائی نہیں دیتا۔اس دوران جس طرح عمران خان کے سیاسی لہجے اور طرز عمل میں پختگی آئی ہے وہ بھی قابل ذکر ہے۔

(جاری ہے)

ایک جانب تحریک انصاف کی مضبوط ہوتی ہوئی سیاسی پوزیشن تو دوسری جانب اسکی حریف جماعتوں کی گرتی ہوئی ساکھ نے تحریک انصاف کو پاکستانی سیاست کی چوٹی کی جماعت بنا دیا ہے۔

گزشتہ ایک سال میں پاکستان تحریک انصاف میں دیگر جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے بڑے ناموں نے شمولیت اختیار کی ہے جن میں رضا حیات، ندیم افضل چن،فردوس عاشق اعوان اور بڑے بڑے انتخابات جیتنے والے نام شامل ہیں۔آج ہی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے بھی پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے جسے پاکستان تحریک آنصاف کی ایک شاندار کامیابی تصور کیا جا رہا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس طرح پنجاب کے چوٹی کے سیاستدانوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت اشارہ ہے کہ پنجاب مسلم لیگ ن کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی ایک اور بڑی وکٹ اڑا دی۔گوجرانوالہ سے مسلم لیگ ن کا مرکزی نام تحریک انصاف میں شامل ہونے جا رہا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیر کل پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوں گے۔یاد رہے کہ عمر نذیر خان نے 2013 کا الیکشن مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر لڑا تھا اور وہ گوجرانوالہ کے حلقے این اے 99 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات