امریکی وزیرخارجہ کا دورہ شمالی کوریا، سربراہ اجلاس کا ایجنڈا طے کیا جائیگا

امیدہے شمالی کوریا درست راہ پر چلے گا، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو

بدھ مئی 22:33

پیانگ یانگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومیو سربراہ اجلاس کا ایجنڈا طے کرنے شمالی کوریا پہنچ گئے،امیدہے شمالی کوریا درست راہ پر چلے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا پہنچ گئے جہاں وہ حکام سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا طے کریں گے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا یہ شمالی کوریا کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل انہوں نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے سے قبل گزشتہ ماہ کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی۔۔مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ گزشتہ ملاقات میں شمالی کوریا سے اچھے تعلقات کی بنیاد رکھی گئی جب کہ سال 2000 کے بعد سے امریکا کی جانب سے شمالی کوریا سے یہ پہلا اعلی سطح کا رابطہ تھا۔

(جاری ہے)

امریکی وزیرخارجہ اپنے دورے کے دوران شمالی کوریا کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تاریخ اور ایجنڈا طے کریں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی شمالی کورین سربراہ کی جانب سے ملاقات کی خواہش کا خیرمقدم کیا جب کہ ایک موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر انہیں کم جونگ ان سے ملاقات میں فائدہ نظر نہ آیا تو وہ ملاقات ادھوری چھوڑ کر چلے جائیں گے۔

دورہ پیانگ یانگ سے قبل امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ شمالی کوریا درست راہ پر چلے گا اور جیل میں قید تین امریکیوں کو رہا کرے گا جنہیں 17 ماہ سے قید کر رکھا ہے۔دوسری جانب جنوبی کورین صدارتی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ شمالی کوریا جذبہ خیرسگالی کے تحت امریکی شہریوں کو رہا کردے گا۔