ایرانی حملے کے پیش نظر اسرائیلی دفاعی نظام متحرک، فوج کی اضافی نفری تعینات

شہری تا حکم ثانی گولان کی پہاڑیوں کا رخ نہ کریں، امریکی سفارتخانے کا انتباہ

بدھ 9 مئی 2018 22:33

رملہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) اسرائیل نے ایرانی حملے کے پیش نظراپنا دفاعی نظام متحرک کر دیا،فضائی دفاعی نظام سے منسلک فوج کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی،امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ گولان کی پہاڑیوں کا رخ نہ کریں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں پر "آہنی گنبد"نامی دفاعی نظام کی تنصیب شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کے مطابق ، اس تنصیب کا فیصلہ ایران کی طرف سے ملنے والی دھمکیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے جبکہ مقامی آبادی کو بھی باور کروایا ہے کہ وہ فوجی ہدایات کے مطابق عمل کریں۔ دریں اثنااسرائیل نے فضائی دفاعی نظام سے منسلک فوج کی اضافی نفری کو بھی متعین کرنے کا فیصلے کیاہے۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ کے ایران سے معاہدہ ختم کرنے کے اعلان کے بعد اسرائیل میں متعین امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ گولان کی پہاڑیوں کا رخ نہ کریں۔واضح رہے کہ یہ پہاڑیاں شام کا حصہ ہیں جن پر اسرائیل نے سن 1967 میں زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔