ریاض،یمنی حوثیوں کا میزائیل حملہ،سعودی ڈیفنس سسٹم نے میزائل فضا میں ہیتباہ کردئیے

ایران یمن میں مداخلت جاری رکھے ہوئے ہے،اسرائیلی حملے کا جواب سعودیہ سے چاہتا ہے، ترجمان عرب اتحاد

بدھ 9 مئی 2018 22:34

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) یمن حوثیوںنے سعودی دارالحکومت ریاض پر ایک مرتبہ پھر میزائل حملہ کیا جسے سعودی ڈیفنس سسٹم نے راستے میں ہی تباہ کردیا،ایران یمن میں مداخلت جاری رکھے ہوئے ہے،ایران اسرائیلی حملے کا جواب سعودیہ سے چاہتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک بار پھر یمن کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے تاہم سعودی ڈیفنس سسٹم نے میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کردیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں 4 دھماکے سنے گئے جن کی وجہ بیلسٹک میزائل حملہ بتایا جاتا ہے۔ یمن میں برسرِ پیکار سعودی اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے ریاض پر 2 بیلسٹک میزائل فائر کیے جنہیں سعودی ڈیفنس سسٹم نے راستے میں ہی مار گرایا ۔

(جاری ہے)

تازہ حملے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے کی جانے والی کارروائیاں ثابت کرتی ہیں کہ ایران کی یمن میں مداخلت کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب پر یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکہ نے ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کی جانب سے نیوکلیئر ڈیل ختم کرنے کے اعلان کے ایک گھنٹے کے اندر اسرائیلی فضائیہ نے شام میں ایرانی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس میں 9 فوجی ہلاک ہوئے، ایرانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد اب سعودی عرب بھی نشانہ بنا ہے۔