آئندہ الیکشن میں ووٹ کا درست استعمال کرکے ایماندار نمائندے منتخب کریں، آغامرید شاہ بخاری

بدھ 9 مئی 2018 22:53

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) ضلع چاغی کے ممتاز قبائلی رہنماء آغامرید شاہ بخاری نے چاغی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ الیکشن میں ووٹ کا درست استعمال کرکے ایماندار نمائندے منتخب کریں،چاغی پر 15 سالوں سے مسلط موجودہ ایم پی اے نے علاقے کو پسماندگی ، جہالت اور جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ بدھ کو انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ حکومتیں آئیں چلی گئیں لیکن چاغی کی حالت نہیں بدلی جس کی واضح مثال اب تک لوگوںکا پانی جیسے زندگی کے بنیادی ضرورت کے لیئے ترسنا ہے ،دالبندین تا چاغی روڈ کی خستہ حالت، جابجا ٹوٹ پھوٹ اور کھڈوں پر سفر کسی عذاب سے کم نہیں جس کا سامنا چاغی کے عوام روزانہ کرتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ الیکشن قریب آتے ہی نام نہاد عوامی نمائندے چاغی لوٹ آتے ہیں اور مختلف حیلے بہانوں، حربوں اور چرب زبانی سے لوگوں کو بہلا پھسلا کر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن چاغی کے عوام نے گزشتہ15 سالوں میں کرپشن کے بے تاج بادشاہوں کا ہر حربہ دیکھ لیا ہے اب مزید لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ضلع چاغی کے عوام تمام تر تعصبات ، منفی پروپیگنڈوں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر چاغی کی ترقی، آئندہ نسلو ں کی بہتر مستقبل اور زندگی کی بنیادی حقوق پانی، صحت، تعلیم، روزگار، اچھی سڑکوں اور سکون کی زندگی گزارنے کے لیئے میر محمد عارف محمدحسنی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں اور اپنے قیمتی ووٹ سے کرپٹ، ظالم اور دروغ گو سیاستدانوں کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیئے چاغی کی سیاست سے آئوٹ کردیں۔