پی پی آر پراجیکٹ کے زیر اہتمام اجتماعیت اور امن کے فروغ میں نوجوانوں کی شمولیت سے متعلق سیمینار کا انعقاد

بچہ والدہ کی گود سے ٹریننگ لیتا ہے ،تعلیم یافتہ ماں ہی اس کی بہترین پرورش کرسکتی ہے ، چمن سکائوٹس کمانڈنٹ کرنل عثمان و دیگر

بدھ 9 مئی 2018 22:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام ،پی پی آر پراجیکٹ کے زیر اہتمام اجتماعیت اور امن کے فروغ میں نوجوانوں کی شمولیت کے حوالے سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چمن میں ایک پروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چمن سکائوٹس کمانڈنٹ کرنل عثمان ڈپٹی کمشنر سیف اللہ کھیتران ، سابق صوبائی وزیر و قبائلی رہنما حاجی نصیر احمد باچا خان اچکزئی بی آر ایس پی کے ضلعی فوکل پرسن شیر محمد آغا ڈی ای او ایجوکیشن نصر اللہ اچکزئی نے کہا کہ تعلیم ہی کی بدولت قوموں نے ترقی کی ہے اور ہمیں عورتوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ایک بچہ سب سے پہلے اپنے والدہ کی گود سے ٹریننگ لیتا ہے جس کیلئے ایک تعلیم یافتہ ماں ہی اس کی بہترین تربیت اور پرورش کرسکتی ہے اور اگر ایک بچے کی بہترین تربیت ہوجائے تو وہ تعلیمی میدان میں بھی بہت آگے جاسکتا ہے جو ملک کی بھاگ ڈور بھی اپنے ہاتھ میں لے سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر کوئی پابندی نہیں ہے اور اسی لیے پاکستان میں ہر شعبے میں عورتیں اپنی ڈیوٹیاں احسن انداز میں سرانجام دے رہی ہیں اور اس وقت پاک فوج میں ٹیکنیکل اسٹاف انجینئرنگ کے شعبے میں اور صحت کے شعبے میں خواتین اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہی ہیں انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق دنیا کے دیگر مماک سے زیادہ محفوظ ہیں جو ہمارے لیے انتہائی فخر کی بات ہے انہوں نے مزید کہا کہ سکول کیلئے ہر قسم کی درکار تعاون کیا جائے گا سابق صوبائی وزیر و قبائلی رہنما نصیر احمد باچا نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کا راز شعبہ تعلیم پر توجہ دینے میں مضمر ہے تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتا اور یہی بچے ہمارا مستقبل میں پڑھ لکھ کر مستقبل میں ملک و قوم کا بہتر خدمت کرسکتے ہیں بی آر ایس پی کی کاوشیں خصوصاً تعلیم کے شعبے میں قابل تحسین ہیں جو تعلیم کے لیے موثر اقدامات اٹھارہی ہے تقریب میں اسکول کے طالبات نے بھی تقاریر کیں اور مختلف ٹیبلو پیش کیے پروگرام میں پرائمری سیکشن کے طالبات نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔