خیبرپختونخوااسمبلی دیگر اسمبلیوں کیلئے قانون سازی اور ای گورننس میں بھی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے،سپیکر کے پی کے اسمبلی اسد قیصر

خیبرپختونخوا اسمبلی قانون سازی کے حوالے سے دیگر تمام اسمبلیوں کیلئے مثالی حیثیت رکھتی ہے ،یورپی یونین ڈیلیگیشن کی فرسٹ سیکرٹری ایلیسا

بدھ 9 مئی 2018 23:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوااسمبلی دیگر اسمبلیوں کیلئے نہ صرف قانون سازی بلکہ ای گورننس کی مد میں بھی ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے ،ممبران اسمبلی کا بنیادی کام بلاشبہ قانون سازی ہے لیکن ممبران اسمبلی کے فرائض منصبی کی قانون سازی ،مالی امور ،انتظامی امور اور جوڈیشل وغیرہ پر درجہ بندی کی جا سکتی ہے ۔

وہ بدھ کو سوبائی پراجیکٹ کی اسٹیرنگ کمیٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سوبائی پراجیکٹ کی جانب سے خیبرپختونخوااسمبلی کیلئے اسٹریٹیجک پلان لانچ کیا گیا۔تقریب میں صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد ،یورپی یونین ڈیلیگیشن کی فرسٹ سیکرٹری ایلیسا،ممبران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی اور سید جعفرشاہ نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کا ہم پر بہت کرم ہے کہ اس ذات نے ہمیں ایک خوبصورت اور بہترین ملک عطا ء کیا جہاں مختلف خزانوں کی موجودگی کے ساتھ ساتھ لوگ بھی بہت قابلیت کے حامل ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہمیں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے درست سمت میں راہنمائی مل سکے۔

انہوںنے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جاپان اور جرمنی دوسری جنگ عظیم کے باعث تباہ وبرباد ہوگئے تھے ،لیکن بعد ازاں ان دونوں ممالک نے ثابت کر دکھا یا کہ سخت محنت ،جہد مسلسل اور عہد کے باعث قوموں کی تقدیر یں بدلی جاسکتی ہیں اور انہوںنے اپنی آئندہ نسلوں کیلئے روشن مثالیں قائم کرتے ہوئے اپنے ممالک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ۔سپیکر نے سوبائی (SUBAI)پراجیکٹ کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کو سپورٹ کی فراہمی پر پراجیکٹ کے کردار کو سراہا ،آج کا دن میرے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے کہ میں نے اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئے جو خواب دیکھا تھا اسمبلی سیکرٹریٹ کیلئے اسٹریٹیجک پلان کے اجراء کے بعد وہ خواب حقیقت بن گیا ۔

انہوںنے صوبائی اسمبلی کے سیکرٹری نصراللہ خٹک اور سپیشل سیکرٹری ،عطاء اللہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج جو کامیابی ملی ہے اس کے پیچھے مذکورہ بالا افسران کے محنت اور جدوجہد کار فرماہے۔اس موقع پر یورپی یونین ڈیلیگیشن کی فرسٹ سیکرٹری ایلیسا نے اپنے خطا ب میں کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران محنتی ہونے کیساتھ ساتھ قابلیت کے حامل بھی ہیں یہی وجوہات ہیں کہ مذکورہ اسمبلی قانون سازی کے حوالے سے دیگر تمام اسمبلیوں کیلئے مثالی حیثیت رکھتی ہے ۔