سائنس وٹیکنالوجی کے بغیر ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھنا ممکن نہیں،ضلع ناظم مردان

بدھ 9 مئی 2018 23:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار نے کہا کہ سائنس وٹیکنالوجی کے بغیر ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھنا ممکن نہیں ،اللہ تعٰالیٰ نے ہمارے طلبہ وطالبات کو بھرپور ٹیلنٹ اور ذہانت سے نوازا ہے اگر ان کی بہتر رہنمائی کی جائے اور وسائل و ماحول فراہم کیا جائے تو یہ ملک وقوم کے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔

وہ ضلعی نائب ناظم اسد علی کشمیری کے ہمراہ مقامی شادی ہال میں ضلعی حکومت ، پاکستان الائنس فار میتھس اینڈ سائنس، الف اعلان اورتعلیمی جرگہ کے زیر اہتمام مروان میں اپنی کے سب سے بڑے سائنس میلے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ میلے ضلع مردان کے دو سو سے زیادہ سرکاری اورنجی سکولوں کے ہزاروں طلبہ وطالبات حصہ لے رہے ہیں جنہوں نے مختلف سائنسی موضوعات پر مبنی تین سو ماڈلز بناکر میلے میں لگے سٹالز پر سجا رکھا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ یہ میلہ دیکھنے آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممتاز ماہرین تعلیم ،سرکاری اور نجی سکولوں کے مرد اور خواتین پرنسپلز ، تدریسی عملہ کے ارکان اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ مردان اپنی نوعیت کے سب سے بڑے سائنس میلے کا افتتاح ضلعی ناظم حمایت اللہ مایار نے کیا ۔اُنہوں نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی حکومت تعلیم کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور مردان کی ضلعی حکومت صوبے کی پہلی ضلعی حکومت ہے جس نے ستوری د مردان کے نام سے بورڈ میں پوزیشن لینے والے سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبہ وطالبات میں لاکھوں روپے کے وظائف تقسیم کیے جس کا سلسلہ گذشتہ دوسال سے جاری ہے ۔

اسی طرح جہاں پر تدریسی عملہ کی کمی ہو وہاں ضلعی حکومت اپنے وسائل سے ٹیچرز بھی فراہم کرتے ہیں جبکہ آج کا سائنس میلہ بھی ہماری حکومت کی تعلیم اور خاص طور پر سائنس کی تعلیم کی ترقی کے ساتھ وابستگی کا عملی ثبوت ہے ۔ضلع ناظم ونائب ضلع ناظم نے میلے میں لگائے سٹالز کا دورہ کیا جہاں طلبہ وطالبات نے خصوصی افراد کے لیے سینسرز،لائیٹنگ کنٹرول سسٹم،واٹر فلٹریشن پلانٹ ،فیبرک ڈیفیکٹ ڈیٹیکٹرزاور دیگر ماڈلز رکھے ہیں جن کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا اور جس میں حاضرین نے بے حد دلچسپی لی ۔سائنس میلہ کل بھی جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :