عام انتخابات میں کپتان کے کھلاڑی ڈٹ کر مخالفین کا مقابلہ کریں گے، بیر سٹر ملک جمشید

ترقی کا روڈ میپ عمران خان کے پاس ہے قوم نوازشریف اور زرداری کو جان چکی ہے

بدھ مئی 23:39

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 45 بیر سٹر ملک جمشید غیاث نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کپتان کے کھلاڑی ڈٹ کر مخالفین کا مقابلہ کریں گے تاکہ دوبارہ کسی کو الیکشن چرانے کی جرات نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے والی ہے ،ترقی کا روڈ میپ عمران خان کے پاس ہے اور ان کی ملک کیلئے خدمات تاریخ کا حصہ بنیں گی۔

قوم نوازشریف اور زرداری کو جان چکی ہے۔ ان دونوں خاندانوں اور ان کے حواریوں نے لوٹ مار کا دھندہ اپنا رکھا ہے اور قوم کو مقروض کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے سابق ڈپٹی آرگنائزر ، سابق جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 45 بیر سٹر ملک جمشید غیاث نے حلقہ کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں عوام ن لیگ کی سیاست کو دفن کردیں گے۔ ملکی اداروں کو کمزور کرکے نااہل وزراء کی فوج نوازشریف کو بھی لے ڈوبی۔ امن وامان اور ترقی کیلئے جمہوریت کے استحکام کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، بیرسٹر جمشید غیاث نے کہا کہ حکومت نے عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ ، مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کروڑوں عوام اب جاگ چکے ہیں ،انشاء اللہ عام انتخابات میں عوام بھاری اکثریت سے عمران خان کو وزیراعظم منتخب کریں گے۔