بھٹہ خشت مزدوروں کے بچے قوم کا مستقبل ہیں،تعلیم اور صحت انکا بھی بنیادی حق ہے،ڈپٹی کمشنر گجرات

ان بچوں کے ہاتھ میں قلم کتاب دیکر انکا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہیں، یہی بچے تعلیم حاصل کرکے اعلی عہدوں پر پہنچیں گے، سیمینار سے خطاب

بدھ 9 مئی 2018 23:39

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ بھٹہ خشت مزدوروں کے بچے قوم کا مستقبل ہیں،تعلیم اور صحت انکا بھی بنیادی حق ہے، ان بچوں کے ہاتھ میں قلم کتاب دیکر انکا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہیں، یہی بچے تعلیم حاصل کرکے اعلی عہدوں پر پہنچیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے اقدامات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سی ای او ایجوکیشن طاہر کاشف، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ، صدر بھٹہ خشت ایسویسی ایشن محمد ریاض نے بھی اظہار خیال کیا۔

سیمینار میں بھٹہ خشت مزدوروں کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم بچوں نے ٹیبلوز بھی پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ حکومت پنجاب کی واضع ہدایات ہیں کہ بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کا سو فیصد خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ بھٹہ خشت ایسویشی ایشن اور مزدور راہنمائوں کے تعاون سے اس حوالے سے بھرپور سرگرم ہے اور ضلع گجرات میں اس حوالے سے باقاعدگی سے اجلاس بھی منعقد کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بھٹہ خشت پر چیکنگ کیلئے جائیں ، اگر کوئی بچہ وہاں موجود ہو تو تسلی کر لیں کہ وہ واقعی مزدوری کیلئے وہاں موجود ہے، اسی طرح بھٹہ مالکان میں بھی اپنے رویے بہتر بنانے کی بہت ضرورت ہے۔ا نہوںنے کہا کہ بھٹہ خشت مزدوروں کے بچوں کی رجسٹریشن، شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے نادرا کے تعاون سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ بھٹہ خشت مزدوروں کے بچوں کو تعلیم کا حق دلانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے، افسران سے کہا ہے کہ وہ میٹنگ میں آئیں تو مکمل تیاری کے ساتھ آئیں تاکہ بھٹہ مزدوروں اور انکے بچوں کی بہتری کیلئے کام آگے بڑھایا جاسکے۔ انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ آج زیور تعلیم سے آراستہ ہونیوالے بچے مستقبل میں اپنے والدین کی غربت کے خاتمہ کا سامان کریں گے اور وطن عزیز کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔