کراچی، پاسبان کے زیراہتمام میگا مارچ فار میگا سٹی کراچی کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے کیا جارہا ہے، الطاف شکور

چلے کارتوس فیل ہوچکے ہیں اب پاسبان میدان سیاست میں آگئی ہے ،یرغمال شہر کو آزاد کرواکر دم لیں گے، صدر پاسبان پاکستان

بدھ 9 مئی 2018 23:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ پاسبان کے زیراہتمام میگا مارچ فار میگا سٹی کراچی کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے کیا جارہا ہے ۔چلے کارتوس فیل ہوچکے ہیں اب پاسبان میدان سیاست میں آگئی ہے ۔یرغمال شہر کو آزاد کرواکر دم لیں گے ۔ اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے مختلف زبانیں بولنے والے جاگیردار اور وڈیرے ممبران اسمبلی اب عوام کے منتخب نمائندہ کہلانے کے ہرگزحقدار نہیں ۔

یہ گوٹھوں کے وڈیرے اور شہروں کے لٹیرے دن بھر عوام میں نفرتیں بانٹتے ہیں ،عوام کے دلوں میں تعصب کے الائو روشن کرتے ہیں اور شام کو ایک ساتھ بیٹھ کر شراب پیتے ہیں اور اس بات کی منصوبہ بندی کرتے ہیں کہ اب کس رفاہی پلاٹ پر کیسے قبضہ کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

اب کہاں سے مال بٹورنا ہے اوراب مزید کس کے ساتھ کل کتنی لوٹ ماراور قومی خزانے سے کتنی کرپشن کرنی ہے ۔

وہ سرجانی ٹائون سیکٹر 7/cمیں پاسبان کے زیر اہتمام جلسہ سے خطاب کررہے تھے ۔ قبل ازیں پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور جب ناگن چورنگی ، دومنٹ چورنگی ،یوپی موڑ اور فور کے چونگی پہنچے تو ان کا پرتباک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد ،جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار،حافظ قمرصدیقی ، سیدنعیم حسین ،مقصود خان،الانہ شیخ ،یاسر سہیل ،شاہد راجپوت ، عابدنے بھی خطاب کیا۔

پاسبان نارتھ کراچی کے صدر محمد اسلم ،محمد نعیم، پاسبان نیو کراچی کے صدر سید رضوان الحق ،قاری عنایت و دیگر بھی موجود تھے ۔ الطاف شکور نے کہا کہ 13مئی کو 3بجے دن مزار قائد سے تبت سینٹر تک میگا مارچ فار میگا سٹی ایک ایسی توانا آواز ثابت ہوگا جو وڈیروں اور لٹیروں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی ۔ الطاف شکور نے کہا کہ میگا سٹی کا قیام اور آئینی درجہ کا حصول کراچی کے شہریوں کا حق ہے ۔

میگا سٹی بننے کے نتیجے میں کراچی کے شہریوں کو عزت و انصاف ملے گا ۔ پینے کا صاف پانی ملے گا۔بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ سے نجات ملے گی ۔کراچی کے ہر ضلع میں بجلی گھروں کا قیام عمل میں آئے گا ۔ ملاوٹ سے پاک خوراک ،سرکاری ہسپتالوں میں مفت دوائی اور علاج سمیت تمام وہ سہولتیں ملیں گی جن سے دنیاکے میگا سٹی کے شہری مستفیذہوتے ہیں #