پاکستان کو خوبصورت اور پرامن ملک بنانے کیلئے کوشش کرتے رہینگے، ملک ریاض

بحریہ ٹائون رفیع بلاک فیز 8میں3000نمازیوں کیلئے تعمیرہونے والی مسجد کاافتتاح کیا

بدھ مئی 23:42

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) چیئر مین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو خوبصورت ،پرامن اورمثالی ملک بنانے کیلئے ہر سطح پر کوشش کرتے رہیں گے ،،بحریہ ٹائون انتظامیہ اپنے رہائشیوں کوزندگی کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ بحریہ ٹائون آج دنیابھر میں پاکستان کی شناخت بنتا جارہاہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزبحریہ ٹائون رفیع بلاک فیز آٹھ میںتین ہزار نمازیوںکیلئے تعمیر ہونے والی مسجد کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر حاجی نواز کھوکھر اور حاجی امجد چوہدری ، بحریہ ٹائون کی انتظامیہ ،،سول سوسائٹی کے نمائندے اور رہائشی بھی شریک تھے ، ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ ٹائو ن کا عزم ایک خوبصورت اور محفوظ پاکستان کی تعمیر ہے جہاں کی مساجد ایک اسلامی معاشرے کی تعمیر میںاپنا کردار ادا کریں گی اسی عظیم مقصد کی کامیابی کیلئے بحریہ ٹائون ایسی مساجد تعمیر کررہا ہے جومعاشرے میںاپنا مثبت ،تعمیری اور تمدنی کردار ادا کرسکیں، انہوں نے کہا کہ رفیع بلاک کی اس مسجد میں تین بڑے ایئرکنڈیشن ہال تعمیر کئے گئے ہیں جن میں سے ایک خواتین کیلئے ہے اس کے علاوہ لائبریری اور تین سو گاڑیوں کی پارکنگ کے علاوہ دیگر بنیادی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ آٹھ لاکھ نمازیوں کی گنجائش کے ساتھ دنیا کی تیسری اور پاکستان کی سب بڑی گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹائون کراچی میں تعمیر کے آخری مراحل میں ہے اس کے علاوہ بحریہ ٹائون لاہور کی گرینڈ جامع مسجد میں 25 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے یہ اب تک پاکستان کی بڑی اور دنیا کی ساتویں بڑی مسجد ہے افتتاحی تقریب کے بعد انہوں نے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے دعا کی اورنوتعمیرشدہ مسجد کامعائنہ کیا۔