فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز کے سٹریٹ چلڈرن پر مشتمل فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تقریب کا اہتمام

مہمان خصوصی سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے تنظیم اور اس کی فٹ بال ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ،تقریب سے صدر و سیکرٹری نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے بھی خطاب کیا

بدھ 9 مئی 2018 23:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز کے سٹریٹ چلڈرن پر مشتمل فٹ بال ٹیم کے اعزاز میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم تھے ۔ تقریب میں تنظیم کے عہدیداروں سمیت نیشنل پریس کلب کے اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس ضمن میں سٹریٹ چلڈرن فٹبال ٹیم کی گزشتہ کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

نیشنل پریس کلب کے صدر طارق چوہدری اور سیکرٹری شکیل انجم نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور مسلم ہینڈ ز کے فلاحی کاموں اور فٹ بال ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز قدرتی آفات اور جنگی اور ہنگامی صورتحال میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ مسلم ہینڈزنے ہمیشہ فلاحی اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور بے سہارا اور غریب بچوں کیلئے بہت سے فلاحی اقدامات کیے ہیں ۔

جن کی ایک مثال سٹریٹ چلڈرن پر مشتمل پاکستان کی فٹ بال ٹیم ہے جو دنیا کے بہت سے خطوں میں کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے ۔یہ ٹیم اب روس کے فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ماسکو روانہ ہو رہی ہے ۔قبل ازیں نیشنل پریس کلب آمد پر مذکورہ فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور تنظیم کے عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ تقریب میں مسلم ہینڈز کے چیئرمین سید لخت حسنین اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے فلاحی کاموں اور فٹ بال ٹیم کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔