کراچی ، نیگلیریا کے سدباب کیلئے واٹربورڈبھرپور اقدامات کررہا ہے تاہم شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، خالد محمود شیخ

واٹربورڈ کی لیباریٹریوں میں بھی ہر گھنٹہ پانی کے نمونوں کی جانچ کا کام جاری ہے، مرض سے بچاؤ کیلئے واٹربورڈ خصوصی آگاہی مہم شروع کرے گا،ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ

بدھ مئی 23:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ نیگلیریا کے سدباب کیلئے واٹربورڈبھرپور اقدامات کررہا ہے تاہم شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے اس کے بغیر اس موذی مرض سے کامیا بی کے ساتھ نبردآزما ہونا ممکن نہیں ہے،واٹربورڈ نیگلیریا کے جرثومہ کے خاتمہ کیلئے پانی میں کلورین اور سوڈیم ہائپو کلورائیڈ کی مطلوبہ مقدارشامل کررہاہے جبکہ واٹربورڈ کی لیباریٹریوں میں بھی ہر گھنٹہ پانی کے نمونوں کی جانچ کا کام جاری ہے ،اس مرض سے بچاؤ کیلئے واٹربورڈ خصوصی آگاہی مہم شروع کرے گا ،ان خیالات کا اظہار ایم ڈی واٹربورڈ نے ادارے کے اعلیٰ افسران و انجینئروں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ایم ڈی واٹر بورڈ نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (ٹیکنیکل سروسز)اسد اللہ خان کو ہدایت کی کہ کی چیف کیمسٹ کی سربراہی میں واٹربورڈ نیگلیریا مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے، ایم ڈی واٹربورڈ نے مزید کہا کہ واٹربورڈ کے فلٹر پلانٹس اور پمپنگ اسٹیشنوںسے پانی کے نمونے حاصل کئے جائیںاور ان کاتجزیہ واٹربورڈ کی جدید سہولتوں سے آراستہ لیباریٹری میں بھی کیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کا ابہام باقی نہ رہے جبکہ پانی کے نمونے پانی کی ٹنکیوں کی بجائے براہ راست پمپنگ اسٹیشنز یا نل سے لئے جائیں ان رپورٹس کی روشنی میں اگر کسی بھی علاقہ میں کلورین کی مقدار میں کمی پائی جائے تو نشاندہی کیئے گئے علاقوں میں اس کمی کو ہنگامی بنیادوں پر پورا کیا جائے، ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں سے بھی کہا ہے کہ نیگلیریا سے تحفظ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں ، اپنے پانی ذخیرہ کرنے کے اوور ہیڈ اور زیر زمیں ٹینک لازمی صاف کرالیں ، بغیرکلورین ملے پانی والے سوئمنگ پولز ،تالابوں میں ہرگز نہ نہائیں ، وضو ابلے پانی سے کیا جائے توبہتر ہے کیونکہ نیگلیریا کا جرثومہ ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہوتا ہے جو صاف پانی میں پرورش پاتا ہے ،،پانی کے برتن ڈھانپ کررکھیں،دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایت پر واٹربورڈ نے نیگلیریا سے بچاؤ کے لئے تمام حفاظتی تدابیر اور اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات شروع کردیئے ہیں ،شہر کے مختلف علاقوں سے پانی کے نمونے حاصل کرکے ان کے فوری لیبارٹری ٹیسٹ کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ واٹربورڈ کے فلٹر پلانٹس پر پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار کو یقینی بنانے کے لئے ماہرین کی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے، شہر کے مختلف مقامات پر قائم واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز خصوصا سی اوڈی فلٹر ہلانٹ گلشن اقبال،،فیوچر پمپ ہاوس لانڈھی، کورنگی 5پمپ ہاوس، سخی حسن، نیپا، ایل ایس آر ون، ٹو، کڈنی ہل، این ای کے اولڈ، کلفٹن دو تلوار، یونیورسٹی ریزروائر، ڈملوٹی سمیت دیگرپمپ ہاوس سے پانی کے نمونے حاصل کیئے جارہے ہیں اور وہاں سوڈیم ہائپو کلورائیڈکی زائد مقدار فراہم کی جارہی ہے۔