راولپنڈی ،سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ سے اردو زبان میں سرچ کا آپشن ہٹا دیا گیا

بدھ مئی 23:44

راولپنڈی ،سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی، الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے اردو زبان میں سرچ کا آپشن ہٹا دیا گیاچند ماہ قبل سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والے تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے اپنی ویب سائٹ 3 ماہ کے اندر اردو زبان میں منتقل کریں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی اپنی ویب سائٹ پر اردو زبان میں سرچ کرنے کا ایک برائے نام آپشن دیا تھا جس کے تحت کلک کرنے پر ویب سائیٹ کے بٹن وغیرہ اردو زبان میں تبدیل ہو جاتے تھے جبکہ دیگر مواد حسب سابق ہی رہتا تھا لیکن اب نامعلوم وجوہات کی بنا پر ویب سائیٹ کو اردو میں تبدیل کئے جانے کے آپشن کو ختم کر دیا گیا ہے واضح رہے کہ اس سلسلے میں سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے ملک میں اُردو زبان کو بطور قومی زبان رائج کرنے کیلئے ایڈووکیٹ کوکب اقبال اورمحمود اخترنقوی کی الگ الگ درخواستوں پر 9نکاتی فیصلہ سنایا تھا جس کے مطابق قرار دیا گیا تھا کہ آرٹیکل251 کے احکامات کو بلا غیر ضروری تاخیر فوراً نافذ کیا جائے جس کے بعد حکومتی سطح پر سرکاری ویب سائیٹس میں اردو سرچ کے آپشن کو بھی شامل کیا گیا تھا لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا اس معاملے میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا اور اب الیکشن کمیشن نے اپنی سائیٹ سے اردو زبان سرچ ختم کر کے اردو کے چند نمائشی الفاظ نمایاں کر کے لکھ رکھے ہیں ۔