تحریک انصاف کی حکومت نے سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کردیا ہے،محمدعاطف خان

بدھ 9 مئی 2018 23:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سرکاری اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے نہ صرف ان کے حقیقی تشخص کو بحال کیا بلکہ عوام کو بھی ان کے مثبت ثمرات مل رہے ہیں ۔ وہ موضع خدائے نورکلے مردا ن میں گورنمنٹ مڈل سکول اور پرائمری سکول کے دورے کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر اعجاز خان ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ابضار خان، ضلعی اور تحصیل کونسل کے اراکین شیر بہادر ، آیاز صافی اور طلباء کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے صحت ، تعلیم، پولیس اور پٹوار کے نظام کو ٹھیک کرنے کی جدوجہد کی کیونکہ عوام کی یہی بنیادی ضروریات ہیں، انہوںنے کہا کہ اگرحکمران اپنے مفادات کو پس پشت ڈا ل کر عوام کی خدمت کریں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں اسی پالیسی کے مطابق کا م کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم کی ضرور ت کے پیش نظر صرف اضافی سہولیات کی فراہمی پر ابھی تک 31ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ ہم نے محکمہ تعلیم کو نئی کامیابیوں کی راہ پر گامزن کیا اور تقریباً80فیصد کام کو مکمل کیا ۔ جس میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی انتھک محنت بھی شامل ہے ،انہوں نے کہا کہ مجھے طلباء کے چہروں پر چمک ، امید اور خوشی کی کرن دیکھ کر بڑی خوشی ملتی ہے اور میں اپنے کام سے مطمئن ہوں کہ عوام نے مجھ پر جو اعتماد کیا تھا میں نے حقیقی معنوں میں deliverکیا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں بجٹ کے اضافے کیساتھ ساتھ 40ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا اور 17ہزار مزید اور بھی بھرتی ہورہے ہیں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے طلباء سے مخاطب کرکے کہا کہ اب آپ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ محنت کریں اور ہر بڑے پرائیویٹ سکول کے بچوں کا مقابلہ کریں ، سہولیات ہم نے دی ہیں، بہترین اساتذہ راہنمائی کیلئے موجود ہیں۔