عوامی رکشہ یونین کابھتہ خوری ، مہنگائی اور پڑولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں لیوی ٹیکس کے خاتمے کیلئے احتجاجی مظاہرہ

بدھ 9 مئی 2018 23:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) عوامی رکشہ یونین کے کارکنان نے کنال روڈ پر بھتہ خوری ، مہنگائی اور پڑولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں لیوی ٹیکس کے خاتمے کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت صدر لاہور ذیشان اکمل حاجی رفاقت، فیاض شاہ، میاں طارق، غلام حسین ، اے ڈی فیصل نے کی۔ کارکنان بھتہ خوری اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

ا س موقع پرخطاب کرتے ہوئے عوامی رکشہ یونین لاہور کے صدر ذیشان اکمل نے کہا کہ سی سی پی او کے چیئرمین مجید غوری سے مذاکرات کے بعد جمعرات 10مئی کو ٹھوکر نیاز بیگ چوک میں ہونے والا دھرنا ملتوی کر دیا گیا ہے انہوںنے کہا کہ غریب رکشہ ڈرائیور مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہے اس پر جگہ جگہ بھتہ خوری ہورہی ہے جس کی سرپرستی مقامی سیاسی شخصیات اور پولیس میں موجود کالی بھیڑیں کرتی ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں لیوی ٹیکس لگا کر اس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا گیا جس کی وجہ ساری کمائی خرچوں میں نکل جاتی ہے ان کا کہنا تھا ہم چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کے مشکور ہیں جنہوں نے پٹرول کی قیمتوںمیں ناجائز ٹیکسوں کا نوٹس لے کر غریب عوام کے دل جیت لئے ہیں ساری قوم جھولیاں اٹھا اٹھا کر ان کے لئے دعائیں کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

جس طرح انہوں نے غریب مزدوروں کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے ان کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔چیف جسٹس اس اصول پر کاربند ہیں کہ غریب ہو یا امیرقانون سب کیلئے یکساں ہوگا۔سی سی پی او لاہور جناح بس ٹرمینل پر چوکی قائم کرنے اور شہر بھر سے بھتہ خوری ختم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔