منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان کی ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے ملاقات

بدھ 9 مئی 2018 23:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) چوہدری عبدالغفور خان نے ملاقات کی ۔ملاقات میں چوہدری عبدالغفور نے انہیںحالیہ دورہِ ایران کے بارے میںمُفصل بریفنگ دی اور ان کاشکریہ ادا کیا کہ اُن کے تعاون کی وجہ سے اُن کا یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا ۔

اُن کو بتایا گیا کہ دورے کے دوران ایران کے شہر مشہد مقدس اور تاریخی شہر تبریزمیں اہم شخصیات اور حکامِ بالا سے مالاقاتیں ہوئیں جن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر بھی شامل ہیں۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ ان ملاقاتوں میں سیاحت کے علاوہ دوسرے اہم اُمور بھی زیر غور آئے اور دو طرفہ خیالات کا تبادلہ ہوا ، اُنہوں نے زیارت امام رضا ؑ کے بارے میں اپنے تا ثرات بتاتے ہوئے کہا کہ اُنہیں انتہائی مُسرت ،روحانی اور دلی سکون ملا۔

(جاری ہے)

ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا انتہائی اہم اور برادر ملک ہے، ہمارے درمیان انتہائی خوشگوار تعلقات ہیںلہذا ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کرنا چاہیے،ہمارا مشترکہ دشمن یہ کبھی نہیں چاہے گا کہ ہمارے درمیان دوستی بڑھے ۔ میں بحیثیت سفیر اسلامی جمہوریہ ایران ہر قسم کے تعاون کے لیئے تیار ہوں۔

انہوں نے یہاں تک کہا کہ میرے دفتر کو آپ اپنا دفتر سمجھیں اور کسی بھی وقت میری ضرورت پڑے تو میں حاضر ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے لوگوں کو روزگا ر ملتا ہے اور اگر ہم نے اس سلسلے میں کسی ایک بندے کو بھی روزگار مہیا کیا یا کسی قسم کی مدد پہنچائی تو سمجھیں کہ ہم کامیاب ہیں۔ اس پر چوہدری عبدالغفور خان نے اُن کا شکریہ ادا کیا اور اپنے طرف سے نیک تمنائوں اور روابط بڑھانے کا یقین دلایا ۔

منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اپنی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے انہیں آگاہ کیا اور کہا کہ سیاحت ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ایک ملک کے لوگ دوسرے ملک کے لوگوں سے ملتے ہیں اور تعلقات اور روابط بڑھتے ہیں اور اس کے ذریعے سے ہی محبت ،بھائی چارہ اور امن کا پیغام دنیا تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کے بعد ایران سے اسی سلسلے میں ایک بڑا وفد پاکستان آئے گا اور اس دوران سیاحت کے شعبے کے حوالے سے معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

جس سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ ایران سفیر مہدی ہنردوست نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کی ترقی وترویج کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی کی کوششیں اور ویژن قابل ِ ستائش ہیں۔ایرانی سفارتخانہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے ہرممکن معاونت فراہم کرنے کی کوشش کرے گا اور ہر قسم کی سفارشات قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔