طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کا آئر لینڈ سے کوئی مقابلہ نہیں۔ یونس خان

بدھ 9 مئی 2018 23:31

طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کا آئر لینڈ سے کوئی مقابلہ نہیں۔ یونس ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دور کے بہترین بیٹسمین شمار کئے جانے والے یونس خان نے کہا ہے کہ طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں پاکستان کا آئر لینڈ سے کوئی مقابلہ نہیں، لیکن اس کے باجود حریف ٹیم کو آسان نہیں لینا چاہیے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار پاکستان کرکٹ میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں جناح ویمن یونیورسٹی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں کیا۔

سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ پاکستان کا ٹیسٹ کرکٹ میں آئرلینڈ سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، لیکن اس کے باجود ہمیں مخالف ٹیم کو ہر گز آسان نہیں لینا چاہیے،آئر لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں دراصل پریشر پاکستان پر ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم رہ چکی ہے جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے جا رہی ہے، یونس خان نے کوچنگ کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اصل کام گراس روٹ کی سطح پر ذمہ داری ادا کرناہے، اگر مجھے ہائی لیول پر کوچنگ کرنی ہوتی تو کب کی کر چکا ہوتا، مجھے نچلی سطح پر کوچنگ کرکے زیادہ خوشی اور مسرت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے خواتین کو معاشرے کا اہم ترین حصہ قرار دیتے ہوئے طالبات کو اپنے اندر اعتماد کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ آخر میں انہوں نے اسپورٹس مقابلوں میں کامیابی پانے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔