احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کا الزام ہزاروں روپے بانٹنے والوں پر لگا کر نواز شریف بری الذمہ نہیں ہوسکتے ، ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر

بدھ 9 مئی 2018 23:33

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2018ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی)ملی یکجہتی کونسل اور نظام مصطفیٰ محاذ کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کا الزام ہزاروں روپے بانٹنے والوں پر لگا کر نواز شریف بری الذمہ نہیں ہو سکتے اس لئے کہ حکومت اس وقت ان ہی کی مسلم لیگ کی ہے اور یہ ہزاروں روپے بھی ان ہی کے وزیر اعظم کی رضا مندی سے تقسیم کئے گئے ہیں اور ان ہی کی رضا مندی سے ان کی حکومت کو بچانے کیلئے معاہدے کرائے گئے ہیں اس پر انکو الزام تراشی کے بجائے ان اداروں کا مشکور ہونا چاہئے جنہوں نے ہزاروں روپے بانٹ کر ان کی حکومت کوبچالیا ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کبھی خلائی مخلوق ،کبھی ہزاروں روپے بانٹنے کی بات کر کے مسلسل اداروں سے تصادم کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں جس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں تشدد کی جو لہر شروع ہوئی ہے وہ انتہائی خطرناک ہے اس کو ختم کرنے کیلئے اس کے اسباب پر غور کرنا ہوگا اوران اسباب کو ختم کرنا ہوگاتاکہ یہ تشدد کا سلسلہ رک سکے اگر تشددکے عوامل اور اس کے پس پردہ جو اسباب ہیں ان کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کی گئی تو اس تشدد کو روکنا مشکل ہوجائیگا۔