امریکا کی ایٹمی معاہدے سے علیحدگی ،ْمعاملہ سلجھانیکی کوششوں کو ٹھیس پہنچے گی ،ْ پاکستان

بدھ 9 مئی 2018 23:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) امریکا کے ایران سے ایٹمی معاہدے سے الگ ہونے کے معاملے پر دفتر خارجہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدہ ختم کرنے سے معاملہ سلجھانے کی عالمی برادری کی کوششوں کو ٹھیس پہنچے گی۔

(جاری ہے)

امریکا کے ایران سے ایٹمی معاہدے سے الگ ہونے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل نے کہا کہ امریکا کی جانب سے 2015 کے مشترکہ جامع پلان آف ایکشن سے الگ ہونے سے تنازع کے حل کیلئے کیا جانے والا مذاکراتی عمل اور سفارتکاری پر اعتماد کمزور ہوگا تاہم امریکا کی علیحدگی کے باوجود دیگر فریقین ابھی بھی معاہدے پر کاربند رہنے کیلئے رضامند ہیں اور پاکستان کو امید ہے کہ برطانیہ، فرانس، جرمنی، چین اور روس معاہدے پر عملدرآمد کے لیے کوئی راہ نکالیں گے۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے ایران اور عالمی قوتوں کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کیا تھا جبکہ جوہری عدم پھیلاؤ کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای ای) نے بھی ایران کی جانب سے معاہدے پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔