Live Updates

سمجھتا ہوں کراچی کو پر امن رہنا چاہئے، دیگر سیاسی جماعتوں نے کراچی میں جو دہشت پھیلائی، اس کا حصہ نہیں ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

بدھ 9 مئی 2018 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے الہ دین پارک سے متصل گرائونڈ کا دورہ کیا ، بارہ مئی کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقعے پر تحریک انصاف کراچی کے سینئر رہنما عزیزآفریدی، جمال صدیقی، منصور شیخ، سیف الرحمن ، ملک شہزاد اعوان ، سرور راجپوت اور پاکستان تحریک انصاف سندھ و کراچی کے رہنمابڑی تعداد میں موجود تھے۔

اس موقعے پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کل سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے جلسے کے حوالے سے انتظامات شروع ہوجائیں گے۔ اس سے پہلے جہاں جلسہ طے ہوا تھا، وہاں پی پی سے تنازعے کی صورت نکل آئی تو چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر ہم نے تجویز دی کہ دونوں پارٹیاں وہاں جلسہ نہ کریں۔

(جاری ہے)

وہاں سے ہٹ کر ہم الہ دین پارک کے پاس آگئے ہیں۔

میں سمجھتا ہوں کہ کراچی کو پر امن رہنا چاہئے۔ دیگر سیاسی جماعتوں نے کراچی میں جو دہشت پھیلائی، ہم اس کا حصہ نہیں ہیں۔ چیئرمین عمران خان بہت اہم کراچی پیکیج کا اعلان کرنے والے ہیں۔ اس کے اندر کراچی کے معاملات اور سندھ کے دیگر شہروں کے معاملات بھی اجاگر کریں گے۔ لاہور میں عمران خان نے جو گیارہ نکات پیش کیے، وہ اس وجہ سے تھے کہ اب الیکشن کی سمت بدلنی چاہئے۔

ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ لوگ ان گیارہ نکات کو اپنی طرف منسوب کرنا چاہیں گے۔ کراچی پیکیج کراچی والوں کی امیدوں پر پورا اترے گا۔ میں کراچی والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ یہ ایک پر امن کیفیت ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف تنازعے کی صورتحال سے خودنکل آئی۔ ہمیں معلوم ہے کہ مختلف بہانے بنا کر پی ٹی آئی کو ان میں گھسیٹنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ بھی ہوگا کہ ہمارے کارکنان کو مشتعل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ہم اس صورتحال سے نکل آئے کیونکہ یہ عوامی پارٹی ہے۔ ہمارے جلسوں میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوتے ہیں۔ میں عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ جوق درجوق آئیں، یہاں حفاظتی انتظامات مکمل ہیں۔ سارا شہر پر امن رہے گا۔ کراچی میں جو رونق ہے پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد مزید بڑھے گی۔ چند دنوں کے مہمان حکمران اپنی ذمہ داری نبھا کر اچھا اور پر امن ماحول فراہم کریں کیونکہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے جو کسی کے ڈرانے دھمکانے میں نہیں آئے گی۔

کراچی کے حقوق کے حصول کے لیے تحریک انصاف کے نہتے عہدیداران و کارکنان کسی قسم کی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تبدیلی کا پیغام ہم کراچی والوں تک پہنچا کر رہیں گے۔ کراچی کے عوام سے اپیل ہے کہ آئیے اور اپنے لیڈر کو سنئے۔ سینئر مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران خان بارہ مئی کو پارٹی کی مرکزی قیادت کے ہمراہ کراچی پہنچیں گے۔

اس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین سمیت پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت موجود ہوگی۔ ہم اس جلسے کے لیے الگ قسم کا اسٹیج بنا رہے ہیں۔ ہم ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے ایک منفرد انداز سے چیئرمین عمران خان کو دکھائیں گے۔ عام جلسوںکے دوران سب لوگ چیئرمین عمران خان کو نہیں دیکھ سکتے، لیکن اس جلسے میں سب لوگ دیکھ سکیں گے۔عمران خان کی خواہش ہے کہ کراچی کے وہ کارکنان و عہدیداران جنہوں نے گزشتہ بیس سال سے پی ٹی آئی کو اپنا خون پسینہ دیا، عمران خان کے ساتھ جلسے میں کھڑے ہوں گے۔

امید کرتے ہیں کہ کراچی عمران خان کی خواہش کا بھی احترام کرے گا۔ بارہ مئی ہمارے لیے ایک اہم دن ہے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ تحریک انصاف کا کوئی کارکن بارہ مئی کو ہلاک نہیں ہوا، آپ کو افسوس کیوں ہے۔ مجھے اس لیے افسوس ہے کہ خون کسی کا بھی ہو، ایک انسان کو دوسرے انسان کا دکھ ضرور ہونا چاہئے اور جو شہید ہوئے تھے، وہ کراچی والے تھے۔ بارہ مئی کو جو ہوا ، ہم اس کی تاریخ دہرانے نہیں دیں گے۔ ہم کراچی میں امن کا جشن منائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں سیکورٹی رسک ہو نہ ہو، عمران خان ضرور آئیں گے۔ تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب خواتین، نوجوان اور بچے سب چیئرمین عمران خان کے جلسے میں شریک ہوں۔ چیئرمین کے پر امن جلسے کو کامیاب بنائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات