پیپلز پارٹی نے باغ جناح گرائونڈ مزار قائدپر عظیم الشان جلسہ کی تیاریاں شروع کر دیں

بدھ 9 مئی 2018 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے باغ جناح گرائونڈ مزار قائدپر عظیم الشان جلسہ کی تیاریاں شروع کر دی ہے۔ 12مئی کو ہونے والے جلسے میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری خطاب کرینگے۔ اس سلسلے میں جلسہ گاہ میں کراچی ڈویژن وضلع شرقی کی انتظامیہ کی جانب سے کیمپ کا انعقاد ، ٹریسنگ، لائٹس اور کنٹینر اتار دیئے گئے ہیں اور بڑی تعداد میں ریلیوں کی شکل میں وقفہ وقفہ سے کارکنان مرد و خواتین پہنچناشروع ہوگئے ہیں۔

بدھ کے علی الصباح پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی ، ڈویژنل صدر وصوبائی وزیر سعید غنی، ضلع شرقی کے صدر اقبال ساند، عبدالرحیم اور وقاص شوکت نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات حتمی شکل دینے کیلئے انتظامیہ اور جلسہ کمیٹی سے طویل مشاورت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع شرقی کی مرکزی تنظیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیم کے عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

جلسہ گاہ میں سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور ڈویژنل صدر سعید غنی کی سربراہی میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا ،اجلاس میں جلسہ کے روز کے لئے ذیلی تنظیموں پر مشتمل کئے اہم کمیٹیوں کا اعلان اور عہدیداران و کارکنان کو اہم زمہ داریاں سونپی گئی۔جلسہ میں ضلع شرقی کی جانب سے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔