سندھ حکومت وفاق سے سمجھوتہ کے تحت مسلسل 8 ویں باراین ایف سی ایوارڈ کے بغیراپنا بجٹ پیش کرے گی

بدھ 9 مئی 2018 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) سندھ حکومت وفاق سے سمجھوتہ کے تحت مسلسل 8 ویں باراین ایف سی ایوارڈ کے بغیراپنا بجٹ پیش کرے گی ۔قانونی ماہرین کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کے بغیربجٹ پیش کرنا غیرآئینی ہے۔ وفاقی حکومت کو آئین کی پاسداری کا سبق یاد دلانے کے لئے بات بات پرخط لکھنے والے سندھ کے چیف منسٹر مراد علی شاہ نے نویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت وسائل کی تقسیم ہوئے بغیرسندھ کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کی منظوری آج جمعرات کو سندھ کابینہ سے لی جائے گی ۔

سندھ حکومت این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کے بغیر غیرآئینی بجٹ پیش کرنے کے معاملے پر 8 برس سے وفاقی حکومت سے خفیہ ڈیل کرتی چلی آرہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی قیادت این ایف سی ایوارڈ کے بغیربجٹ پیش کرنے کوسیاسی مجبوری قراردیتی ہے۔

(جاری ہے)

آئین کے آرٹیکل 160 کے تحت 5 سال کے لئے این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کرنا ضروری ہے اور قومی مالیاتی کمیشن پر لازم ہے کہ وہ نئے ایوارڈ کے لئے اپنی سفارشات مقررہ مدت میں صدر کو پیش کرے۔

آخری این ایف سی ایوارڈ کا اعلان 2010 میں کیا گیا تھا جس کے بعد این ایف سی ایوارڈ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے جبکہ 2015 میں 9 واں این ایف سی کمیشن تشکیل دیا گیا تاہم پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ نون میں خفیہ ڈیل کے تحت این ایف سی ایوارڈ کے اجراء پرخاموشی اختیارکرتے ہوئے وفاقی حکومت کے بعد اب صوبائی حکومتیں اپنے اپنے بجٹ پیش کررہی ہیں۔ دوسری جانب سندھ اوروفاق کے مابین خفیہ ڈیل کی اطلاعات پر اپوزیشن حلقوں کی بے چینی بڑھ گئی ہے اورسندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سندھ کوٹف ٹائم دینے کی تیاری کرلی ہے۔

متعلقہ عنوان :