ووٹ کی پرچی کے بدلے جنت کی خوشخبری سنانیوالے یہودی ایجنڈے کے تحت فتوے دے کر جنگ کو ہوا دیتے رہے ، اصغر خان اچکزئی

بدھ 9 مئی 2018 23:51

چمن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ووٹ کی پرچی کے بدلے جنت کی خوشخبری سنانے والے مغربی قوتوں، عیسائی ، یہودی ایجنڈے کے تحت فتوے دے کر جنگ کو ہوا دیتے رہے ، عوام جان چکے ہیں کہ ووٹ کے بدلے جنت کی خوشخبری سنانے والے جنت نظیر وطن کو دوزخ بنانے کے مرتکب ہوئے ، بی ایریاکو اے ایریا میں ضم کرنے کا فیصلہ صوبے میں امن وامان کے قیام میں مشکلات کا باعث بن سکتا ہے ، صوبے کی قبائلی معاشرت سے ہم آہنگ نظام جس نظام کے حوالے کیا جارہا ہے وہ پہلے سے عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکا ہے ،پشتون نمائندگی پر کاری وار کرتے ہوئے حلقہ بندیوں میں رد و بدل کا ذمہ دار صرف الیکشن کمیشن ہی نہیں سابق صوبائی اور موجودہ وفاقی حکومت بھی اس میں برابر کی شریک ہے۔

(جاری ہے)

اے این عوامی عوام کی خاطرہر جمہوری سیاسی پلیٹ فارم پر اپنا موثر احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ا ن خیالات کااظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ، ضلعی صدر اسدخان اچکزئی،گل باران افغان ،حاجی مراد خان غبیزئی ،عبدالرزاق بابو،حاجی محمدخان غبیزئی،قاہر خان غبیزئی،محمد نسیم پشتونپال،حضرت بلال امید،حاجی نعمت اللہ و دیگر نے بدھ کے روز سرحدی شہر چمن میں حلقہ روغانی نیو کلی غبیزئی میں منعقدہ شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں نیو کلی غبیزئی پر مشتمل پورے گاؤں کے 55گھرانوں کے سربراہان نے حاجی محمد خان غبیزئی ،قاہر خان غبیزئی،تاج محمدخان غبیزئی،ڈاکٹر عزیز اللہ کی قیادت میں جمعیت العلمائ اسلام سے مستعفی ہو کر عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی و دیگر نے مقررین نے کہا کہ پشتون عوام پرامن ، جمہوری اور اسلامی و قبائلی روایات پر پختہ یقین رکھنے والے لوگ ہیں جنہیں بدقسمتی سے اسلام کے مقدس نام پر چند لوگوں نے بری طرح سے ورغلایا یہاں اسلام اور مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں نے لوگوں کو دھوکہ دیا کہ انہیں ووٹ دینے والے جنت میں جائیں گے حالانکہ ووٹ کے بدلے جنت کی خوشخبری سنانے والوں کی حقیقت اب نہ صرف پشتون عوام بلکہ پوری دنیا جان چکی ہے یہ لوگ جنت نظیر وطن کو دوزخ بنانے کے مرتکب ہوئے اورپشتون افغان مسلمانوں کا خون صرف کرسی اورا قتدار کی لالچ میں بہاتے رہے وہ بھی غیر مسلموں کے ایجنڈے پر۔

انہوں نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے مذہب کا استعمال کیا اور ایک ایسی جنگ کے لئے فتوے جاری کئے جس کے پیچھے امریکن اور مغربی عیسائی قوتیں اور اسرائیلی یہودی قوتیں کھڑی تھیں اقتدار کے حصول کے لئے خود ان لوگوں کے اندر بھی اختلافات نے جنم لیا اور کرسی و مراعات اور اسمبلی کی ٹکٹ کی خاطر ان لوگوں نے خود ایک دوسرے کی پگڑیاں جس طرح سے اچھالیں وہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے ثابت ہوچکا ہے کہ ان کی اسلام دوستی صرف اور صرف کرسی اور مراعات تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پشتون عزت اور پشتون وقار کی خاطر سیاست کی ہے تاکہ پشتونوں کو ملک کی دیگر تمام قومیتوں اور اکائیوں کے مساوی حقوق اور سہولیات دی جاسکیں اس مقصد کی خاطر پارٹی نے گزشتہ سو سال کے دوران جو قربانیاں دیں وہ دنیا کی کسی قومی تحریک میں نظر نہیںآ تیں پارٹی نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے سچ اور حق کا ساتھ دیا ہے اور ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر الیکشن کمیشن کے حکام نے جو فیصلے دئے ہیں وہ صوبے کے پشتون عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ظلم ہے پشتونوں کے بنے بنائے حلقے ختم کئے گئے اور پشتون اکثریتی حلقوں پر قینچی چلا کر انہیں اس طرح سے کاٹا گیا کہ پشتون چاہتے ہوئے بھی پشتون نمائندے کو کامیاب نہ کراسکیں یہ ظلم ہے اور یہ ظلم وزیادتی صرف الیکشن کمیشن نے نہیں کی بلکہ اس میں سابق صوبائی حکومت اور موجودہ وفاقی حکومت بھی برابر کی شریک ہے حلقہ بندیوں سے متعلق حالیہ فیصلے صوبے کی برادر اقوام کے مابین نفرتیں پھیلانے کا سبب ہیں۔

انہوں نے صوبے کے بی ایریا کو اے ایریا میں ضم کرنے کے مجوزہ حکومتی فیصلے کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں صوبے کی قبائلی معاشرت سے ہم آہنگ نظام جس نظام کے حوالے کیا جارہا ہے وہ پہلے سے عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ لیویز نظام کو ختم کرنے کی بجائے اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ان کی صلاحیتوں سے استفادے کی ضرورت ہے اور انہیں جدید طر ز تربیت ، جدید اسلحے اور جدید وسائل سے لیس کرنے کی ضرورت ہے پارٹی لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کی مخالف ہے۔

اس موقع پرحاجی محمد خان غبیزئی کی جانب سے پارٹی رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں غبیزئی قبیلے کے سربراہ حاجی کریم خان غبیزئی کے صاحبزاادے قدیر خان غبیزئی ، حاجی ظاہر خان غبیزئی کے صاحبزادے نجیب اللہ خان غبیزئی ، حاجی مغاش خان مرحوم کے صاحبزادے احسان اللہ خان ،حاجی ملک قاسم خان غبیزئی سمیت دیگر قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔