Live Updates

عامر لیاقت اور علی زیدی اپنے لیڈر عمران نیازی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں، ترجمان بلاول ہائوس اعجاز درانی

عامر لیاقت اور علی زیدی کی عزیز بھٹی تھانے میں بیٹھ کر پیپلز پارٹی کے جیالوں کو گالیوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں

بدھ 9 مئی 2018 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) بلاول ہائوس کے ترجمان اعجاز درانی نے تحریک انصاف کے مسخروں کی جانب سے الزام تراشی کی مذمت کرتے ہوئے انکے الزامات کو حقیقت کے منافی قرار دیا۔ اعجاز درانی کہا ہے کہ عامر لیاقت اور علی زیدی کے الزامات سوائے جھوٹ کے کچھ بھی نہیں، جن کا لیڈر عمران نیازی ہوں ان سے جھوٹے الزامات کے سوا اور توقع بھی کیا کی جاسکتی ہے۔

عامر لیاقت اور علی زیدی اپنے لیڈر عمران نیازی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاسی مخالفین پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، ان خیالات کا اظہار بلاول ہائوس کے ترجمان اعجاز درانی نے مزار قائد سے متصل باغ جناح گرانڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اعجاز درانی نے کہا کہ جس وقت عامر لیاقت پی ٹی آئی کے دیگر مسخروں کے ہمراہ عزیز بھٹی تھانے میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو گالیاں دے رہے تھے اس وقت میں سعید غنی، راشد ربانی اور پارٹی کے دیگر عہدیداروں، کارکنوں اور صحافی حضرات کے ہمراہ بلاول ہائوس میڈیا سیل میں موجود تھا۔

(جاری ہے)

اعجاز درانی نے کہا کہ کہ علی زیدی کے گارڈ کی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیلا۔ انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت اور علی زیدی کی عزیز بھٹی تھانے میں بیٹھ کر پیپلز پارٹی کے جیالوں کو گالیوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف ایم کیو ایم پارٹ ٹو ہے جو گولی اور گالی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت کی جانب سے جیالوں کے لئے نازیبا زبان کا استعمال انکی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ عامر لیاقت نے آسمان پر تھوک کر اپنا چہرہ خراب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات