تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا معاشرے کی ذمہ داری ہے، نائب ناظم مردان

بدھ 9 مئی 2018 23:51

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2018ء) ضلعی نائب ناظم اسد علی نے کہاہے کہ خصوصی بچوں کو معذور سمجھ کر انہیں نظر انداز کرنے والی حکومتیں اور شخصیات خود معذور اور ذہنی پسماندگی کے شکار ہے۔تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا معاشرے کی ذمہ داری ہے اور ضلعی حکومت اس ضمن میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔وہ ضلعی حکومت کے زیر اہتمام طالبات کے لئے دو روزہ سائنسی نمائش کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

تقریب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر فی میل ثمینہ غنی،ایجوکیشن کوارڈینشن کونسل کے چیئرمین حافظ زبیر،صدر سراج محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں ہے۔عالمی قوتیں ہمارے نوجوانوں کوقلم سے محروم کر کے انکے ہاتھوں میں بندوق تھمانا چاہتی ہے لیکن انکی سازشوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

ضلعی حکومت آنے والے بجٹ میں جونیئر سائنسدانوں کے لئے خطیر رقم مختص کرے گی۔

جو ادارے ضلعی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کررہے آنے والے بجٹ میں انہیں فنڈ فراہم نہیں کئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ سائنس فیسٹول کے انعقاد کا مقصد طلباء و طالبات کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجا گر کرنااورسائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہوتی نمبر2مردان کی خصوصی طالبہ شہناز نے اپنے پراجیکٹ کے بارے میں ضلعی نائب ناظم اسد علی کو بریفنگ دی اور سریلی آواز میں ملی نغمہ پیش کیا جس پر ضلعی نائب ناظم اسد علی نے اس کے لئے پچاس ہزار روپے نقداور ضلعی حکومت کی جانب سے بچی کی علاج معالجے کا اعلان بھی کیا۔