ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت 1200 سے زائد(حجام)اور بیوٹیشنز کی رجسٹریشن مکمل

بدھ مئی 23:52

خانیوال۔ 09مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ صحت کے زیر اہتمام ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت پنجاب بھر کی طرح ضلع خانیوال میں بھی 1200 سے زائد باربرز(حجام)اور بیوٹیشنز کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے اور لائسنسوں کا اجراء بھی شروع ہو چکا ہے۔اس سلسلہ میںڈسٹرکٹ جناح لائبریری ہال خانیوال میں پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل آغا ظہیر عباس شیرازی تھے۔

اس موقع پرڈی ایچ او ڈاکٹرمیڈم سمیرا ‘پروگرام ڈائریکٹرڈی ایچ ڈی سی ڈاکٹر محمد ابرار اقبال ، ڈی ڈی ایچ اوڈاکٹر فضل الرحمان بلال‘ ڈاکٹر محمد شہزاد سرورسمیت باربرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان اور بیوٹی پارلرز نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب میں مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت دیگر افسران نے باربر کٹس تقسیم کی جس میں ڈاکٹر ابراراقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خانیوال شہر میں تقریباً 300 رجسٹرڈ باربرز کو یہ کٹس دی جا رہی ہیں باقی تمام رجسٹرڈ باربرز اپنی اپنی تحصیل کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے وصول کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل آغا ظہیر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک پاکستان کو ان موذی بیماریوں سے بچانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگااور حکومت پنجاب کے اس احسن اقدام کو باقی صوبوں کے لئے نمونہ بنانا ہو گا۔ انہوں نے باربرز پر زور دیا کہ ان کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہیں اوراب باربرز کا یہ فرض ہے کہ وہ بتائے گئے اصولوں کو اپنا کر وہ اپنے کسٹمرز سمیت ملک پاکستان کو ہیپاٹائٹس فری بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔