پاکستان سپر کبڈی لیگ کے چیمپئین کا فیصلہ آج ہو گا

بدھ مئی 23:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مئی2018ء) پاکستان سپر کبڈی لیگ کے چیمپئن کا فیصلہ آج جمعرات کو ہو گا، ٹائٹل کیلیے جنگ فیصل آباد اور گجرات واریئرز کے مابین ہو گی، ساہیوال بلز اور کشمیر جانباز کا سفر سیمی فائنلز میں تمام ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر کبڈی لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں فیصل آباد شیردلز اور ساہیوال بلز میں پوائنٹس کی برتری کیلیے جنگ ابتدا میں ہی عروج پر پہنچ گئی، دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، ایک موقع پر فیصل آباد شیردلز کو صرف ایک پوائنٹ کی برتری حاصل تھی تاہم بعد ازاں فاتح ٹیم نے تجربہ کار کھلاڑیوں کی مدد سے حریف پر دبائو بڑھانا شروع کیا اور اختتامی لمحات میں خاص طور پر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 کے مقابلے میں 33 پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔

(جاری ہے)

دوسرے سیمی فائنل میں کانٹے دار مقابلہ ہوا، گجرات واریئرز نے پہلے ہاف کے اختتام پر کشمیر جانباز پر 20-17 سے برتری حاصل کی، فاتح ٹیم نے بعد ازاں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوائنٹس تیزی سے بڑھائے اور نتیجہ 28 کے مقابلے میں 41پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔ یاد رہے کہ لاہور تھنڈرز اور اسلام آباد آل سٹارز کا سفر ایلیمنیٹر مرحلے میں تمام ہو گیا تھا، کراچی زور آورز، گوادر بہادرز، پشاور حیدرز اور ملتان سکندرز کوارٹر فائنل میں ہمت ہار گئے تھے۔ سیمی فائنلز کے موقع پر چاروں ٹیموں کے سپورٹرز کی طرف سے زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا، فاتح ٹیموں کے حامیوں نے نعرے بازی کی، بھنگڑے بھی ڈالے۔