Live Updates

پارلیمنٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ جسے چاہے بٴْلالے، بلاول بھٹوزرداری

پیپلزپارٹی آئندہ الیکشن جیتی توجنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے،عمران خان نے خیبر پختونخوا میں جو وعدے کیے وہ پورے نہ کر سکے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 10 مئی 2018 00:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ جسے چاہے بٴْلالے، پیپلزپارٹی آئندہ الیکشن جیتی توجنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے۔عمران خان نے خیبر پختونخوا میں جو وعدے کیے وہ پورے نہ کر سکے۔گزشتہ روز لاہور میں اداکارہ مدیحہ گوہر کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی سیاست بچگانہ ہے، نوازشریف کو کچھ کہنا ہے تو صاف کہہ دیں اور گھر جا کر خاموش بیٹھ جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن جیت کر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے گی، عمران خان نے کے پی میں 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ آج 100دنوں میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کی بات کرتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کہتی رہی کہ پارلیمان کو مضبوط کریں، ہم نیب میں اصلاحات چاہتے تھے لیکن نواز شریف نے مخالفت کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پارلیمان اور جمہوریت کمزور ہے۔ ہمارے مسائل کو حل کرنے میں نظام ناکام رہا ہے۔ الیکشن کے بعد حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کریں گے۔ حکومت نہ بنا سکے تو اپوزیشن میں بیٹھ کر حکومت کی سمت ٹھیک کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات